بحرین : وزارتوں اور سرکاری اداروں کی تعداد کم کی جائے گی
منامہ: بحرین میں وزارتوں اور سرکاری اداروں کا حجم کم کیا جائے۔ بعض وزارتوں اور اداروں کو ایک دوسرے میں ضم بھی کیا جائے گا۔ مقامی اخبار الوطن کے مطابق حکومت اخراجات میں کمی کے لئے وزارتوں اور سرکاری اداروں کی تعداد کم کرنا چاہتی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بحرین میں 60سے زیادہ وزارتیں اور سرکاری ادارے ہیں جن کا بجٹ کئی ملین دینار ہے۔ موجودہ ابتر معاشی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ وزارتوں کو ضم کیا جائے اور بعض اداروں کو ختم کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں حکومت کی طرف سے اس حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔