یوکرین کے طیارے کو گرانے کا فیصلہ سینیئر ایرانی عہدیدار نے کیا: کینیڈا
طیارہ حادثے میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یوکرینی طیارہ گرنے سے متعلق کینیڈا نے اپنے حتمی رپورٹ میں کہا ہے کہ طیارے کو مار گرانے کا فیصلہ ایک سینیئر ایرانی عہدیدار نے کیا۔
عرب نیوز کے مطابق العربیہ ٹی وی نے کہا ہے کہ کینیڈا کی فورنزک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے کچھ خطرات کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے آٹھ جنوری 2020 کو طیارہ گرنے کا واقعہ پیش آیا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ طیارہ گرانے سے متعلق مناسب وضاحتیں دینے میں ناکام رہا۔ اس طیارے میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
جون کے آغاز میں یوکرین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ انہوں نے طیارہ متاثرین کے اہل خانہ کو ازالے کے طور پر ایک لاکھ 50 ہزار ڈالرز معاوضہ دینے کی ایرانی تجویز مسترد کی تھی۔
یوکرین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا تھا کہ پرواز پی ایس 752 کے متاثرین کے اہل خانہ کو ازالے کی رقم دینا انصاف کی جانب ایک اہم قدم ہے لیکن پہلے طیارے حادثے کے پیچھے حقائق کو جاننے کی ضرورت ہے۔
’اس کے بعد ہی ہم معاوضے کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ مختص رقم تمام حکومتوں کی ریاستوں کے ساتھ طے ہونی چاہیے جن کے شہری طیارہ حادثے میں ہلاک ہوئے اور یہ یکطرفہ فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔‘