پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں وائرس کے مثبت کیسز کی شرح گر کر دو فیصد پر آ گئی ہے۔
اتوار کی صبح جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 44 ہزار 544 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 901 مثبت آئے۔
پاکستان میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا سے اموات کی تعداد 235 رہی جبکہ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 22 ہزار 211 افراد عالمی وبا کے باعث جان سے گئے۔
مزید پڑھیں
-
پاکستان سے طبی عملے کا چھٹا گروپ کویت پہنچ گیاNode ID: 577036
ملک میں اس وقت کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 32 ہزار 241 ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں یومیہ تین لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے اور اب تک ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
سفری پابندیوں میں نرمی
وائرس کے پھیلاؤ میں کمی اور صورتحال میں بہتری پر پاکستان نے یکم جولائی سے برطانیہ، کینیڈا، یورپ، چین اور ملائیشیا سے براہ راست پروازوں میں 40 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
سنیچر کی رات نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے بین الاقوامی ہوائی سفر کی پالیسی پر نظرثانی کی گئی۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق دنیا کے مختلف خطوں میں کورونا کی صورتحال میں مجموعی بہتری اور ملک میں وبا کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے بین الاقوامی پروازوں کو مرحلہ وار معمول پر لانے کا فیصلہ کیا۔

این سی او سی نے پاکستان آنے والے کورونا منفی مسافروں کے لیے گھروں میں قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آنے والے کورونا مثبت مسافروں کے لیے گھروں میں قرنطینہ لازمی ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔
انڈیا میں 50 ہزار سے نئے کیسز رپورٹ
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق انڈیا میں اتوار کو کورونا وائرس کے کیسز میں 50 ہزار سے زیادہ نئے کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔
وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق کہ گذشتہ ایک دن میں ایک ہزار 258 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس میں سے 511 افراد مہاراشٹر میں ہلاک ہوئے۔
کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا سے متعلق انڈیا میں خاص تشویش پائی جاتی ہے۔ انڈیا میں نصف سے زیادہ آبادی کی ویکسینیشن نہیں ہوئی ہے۔
950 ملین آبادی میں چھ فیصد سے کم بالغ افراد کو ویکسین کی دو خوارکیں دی جا چکی ہیں۔