12 سے 18 سال عمر کے بچوں کے لیے کورونا ویکسین توکلنا کے ذریعہ
’توکلنا میں ’کورونا ویکسین‘ کے آپشن پر کلک کر کے وقت اور مرکز کا انتخاب کرسکتے ہیں‘ ( فوٹو: سیدتی)
سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی اپنے 12 سال سے 18 سال تک کی عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین لگوانے کے لیے توکلنا ایپ کے ذریعہ وقت لے سکتے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق توکلنا ایپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’مذکورہ عمر کے افراد کی ویکسینیشن کے لئے وقت دستیاب ہے‘۔
’سربراہ خاندان یا مذکورہ عمر کے افراد خود توکلنا میں ’کورونا ویکسین‘ کے آپشن پر کلک کر کے مناسب وقت اور مرکز کا انتخاب کرسکتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے 12 سے 18 برس کی عمر تک کے لیے فائزر بائیونٹیک ویکسین کو منظور کرلیا گیا ہے‘۔
’منظوری سے قبل اس عمر کے لیے ویکسین کے تجربات کیے گئے جو مکمل طور پرکامیاب رہے۔ تجربات میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ عمر کے لیے بھی ویکسین مفید ثابت ہوتی ہے‘۔