Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان کا عشائیہ، خاتون ممبر کے علاوہ ق لیگ کے ارکان کی عدم شرکت

وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کر رکھا تھا (فوٹو: پی ایم آفس)
وفاقی بجٹ کی منظوری سے ایک روز قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے ارکان ایک بار پھر شریک نہ ہوئے۔  
 وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کو پیر کے روز عشائیے پر مدعو کیا تھا تاہم مسلم لیگ ق کے سینیئر رہنما وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سمیت متعدد ارکان عشائیے میں شریک نہ ہوئے۔ 
عشائیے میں شرکت کرنے والے ایک وفاقی وزیر نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’مسلم لیگ ق کی ایک خاتون رکن اسمبلی کے علاوہ کوئی رکن عشائیے میں موجود نہیں تھا۔‘ 

 

وفاقی وزیر کے مطابق ’مسلم لیگ ق کے علاوہ دیگر تمام اتحادی وزیراعظم کی جانب سے بلائے گئے عشایے میں شریک تھے اور وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ’طارق بشیر چیمہ یا مسلم لیگ ق کی جانب سے عشائیہ میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے حکومت کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا تاہم منگل کو بجٹ کی منظوری کے دوران حکومت کو مسلم لیگ ق کے ارکان کی حمایت حاصل ہوگی۔‘
اس سے قبل پیر کو وزیر اعظم عمران خان سے مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے ون آن ون ملاقات کی تھی۔ دوسری جانب سے مسلم لیگ ق کے ذرائع نے اردو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ ’مونس الہی بھی اسلام آباد میں ہی موجود ہیں۔‘ 
طارق بشیر چیمہ اور مونس الٰہی کے ساتھ اس حوالے سے مسلسل رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم دونوں کی جانب سے تادم تحریر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ 

مسلم لیگ ق کے سینیئر رہنما وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سمیت متعدد ارکان عشائیے میں شریک نہ ہوئے (فوٹو: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ)

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مسل لیگ ق کے ارکان وزیراعظم کے عشائیے میں شریک نہیں ہوئے تھے اور مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی اس حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ ’ان کی جماعت حکومتی اتحادی ہے کھانے کی دعوت میں شرکت کرنا اتحاد میں شامل نہیں۔‘
عشائیے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتےہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ’اتحادی ساتھ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’حکومت نے کورونا کی صورت حال کے باوجود ایک بہتر بجٹ پیش کیا، رکاوٹیں بہت ہیں لیکن وزیراعظم ملک کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔‘

شیئر: