آصف علی زرداری کی طبعیت ناساز، آئی سی یو میں داخل
ضیا الدین ہسپتال کے معالجین کی ٹیم آصف زرداری کا علاج کر رہی ہے اور ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کو طبعیت ناساز ہونے پر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق جمعرات کی رات کو آصف زرداری کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں کراچی کے علاقے کلفٹن میں قائم ضیا الدین ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر لیا گیا۔
آصف زرداری کو ذیابیطس کی شکایت کے علاوہ دل کا عارضہ بھی لاحق ہے۔ اس سے پہلے بھی وہ طبیعت خراب ہونے کے باعث متعدد بار ہسپتال میں داخل رہ چکے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی والد کی بیماری کی اطلاع ملتے ہی اپنی سیاسی سرگرمیاں ترک کر کے کراچی پہنچے جبکہ آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو بھی اپنے شوہر کے ہمراہ دبئی سے کراچی پہنچیں۔
ذرائع کے مطابق ضیا الدین ہسپتال کے معالجین کی ٹیم آصف زرداری کا علاج کر رہی ہے اور ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا ان کا علاج یہیں ممکن ہو سکے گا یا انہیں بیرون ملک جانے کے ضرورت ہوگی۔