کینیڈا: پاکستانی نژاد خاندان کو ٹرک کے نیچے روندنے والے پر دہشت گردی کا مقدمہ
20 سالہ ملزم یتھینیل ویلٹمین پر قتل کے چار اور اقدامِ قتل کا ایک الزام عائد کیا گیا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
کینیڈا میں پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کو ٹرک کے نیچے روند کر ہلاک کرنے والے ملزم کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ چلایا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق استعاثہ نے پیر کو مقدمے کی مختصر سماعت کے دوران بتایا کہ ملزم کے خلاف پہلے سے عائد کردہ چار الزامات میں دہشت گردی کی شق بھی شامل کر رہے ہیں۔
رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ’مرکزی اور صوبائی اٹارنی جنرلز نے ملزم کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے کی کاروائی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقدام قتل بھی دہشت گردی کی سرگرمی ہے۔
ملزم یتھینیل ویلٹمین نے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ ان کا ابھی تک کوئی وکیل نہیں ہے۔
خیال رہے 6 جون کو کینیڈا کے شہر لندن انٹاریو میں دہشت گردی کے واقعے میں ایک خاندان کے چار افراد 46 سالہ فزیوتھراپسٹ سلمان افضل، ان کی اہلیہ اور پی ایچ ڈی کی طالبہ 44 سالہ مدیحہ سلمان، نویں جماعت کی طالبہ 15 سالہ یمنیٰ سلمان اور اُن کی 74 سالہ ضعیف دادی کو ٹرک کے نیچے روند کر ہلاک کر دیا تھا۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا تھا۔
20 سالہ ملزم یتھینیل ویلٹمین پر قتل کے چار اور اقدامِ قتل کا ایک الزام عائد کیا گیا ہے۔
سنیچر کو اس سانحے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی خاندان کے افراد کو لندن انٹاریو سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں پاکستانیوں اور مقامی مسلمانوں نے شرکت کی تھی۔