ایک ہفتے میں 19 ہزار سے زیادہ غیر قانونی تارکین گرفتار
8 ہزار 570 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
مملکت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری مہم میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 19 ہزار 812 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مختلف ریجنز میں زیر حراست 19 ہزار سے زائد افراد میں سے 8 ہزار 570 کو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا جبکہ دس ہزار 295 سرحدی خلاف ورزی اور 947 کو لیبر لا کی خلاف ورزی پرحراست میں لیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مملکت کی سرحدی حدود غیرقانونی طورپر عبورکرنے کی کوشش کرنے پر 224 افراد کوگرفتار کیا جن میں سے 43 فیصد یمنی، 47 فیصد ایتھوپی، 5 فیصد دیگر قومیتوں سے تعلق رکھتے تھے۔
مملکت کی سرحد غیر قانونی طریقے سے عبور کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے پرسرحدی محافظوں نے 47 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے غیر قانونی تارکین کو نقل و حمل اور پناہ دینے کے الزام میں 5 افراد کو بھی حراست میں لیا۔
گرفتارغیر ملکیوں میں سے اس وقت 66648 کے بارے میں متعلقہ ادارے تفتیش کررہے ہیں جن میں 57946 مرد جبکہ 8702 خواتین شامل ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ 36454 غیر قانونی تارکین کی تفتیش مکمل کرنے کے بعد ان کی سفری دستاویزات تیار کرنے کےلیے ان کے سفارتخانوں سے رابطہ کیا گیا ہے جبکہ 16294 افراد کو ڈی پورٹ کیاجاچکا ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مملکت کے قانون کے مطابق کسی بھی غیر قانونی تارک وطن کو پناہ دینا یا انہیں کسی قسم کی نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنا قانون شکنی میں شمار کیاجاتا ہے۔
ایسا کرنے والے کو 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ کیاجاتا ہے۔ علاوہ ازیں نقل وحمل میں استعمال ہونے والی گاڑی اور مکان جہاں غیر قانونی افراد کو ٹہرایا گیا ہووہ بحق سرکار ضبط کرلیاجاتا ہے۔