کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، پانچ مبینہ دہشت گرد ہلاک
سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا کہ ہلاک افراد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے جارہے تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی اداروں کی کاروئی کے دوران پانچ مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہزار گنجی میں سی ٹی ڈی اور سکیورٹی اداروں نے کارروائی کی۔
کاروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ ہلاک افراد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے جارہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی لاشوں کو شناخت اور ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔