ژوب میں پاکستان افغانستان سرحد پر ’دہشتگرد حملہ‘، ایف سی کے سات اہلکار ہلاک
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ژوب واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ اانتہائی افسوسناک ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے علاقے ژوب میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ایف سی اہلکاروں کی تعداد سات ہو گئی ہے جب کہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
بدھ کوپاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق افعانستان کی جانب سے دہشت گردوں نے حملہ اس وقت کیا جب ایف سی کے اہلکار پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں حولدار نور زمان، سپاہی شکیل عباس، سپاہی احسان اللہ ، نائیک سلطان، سپاہی امداد اللہ، نائیک دوست محمد اور سپاہی قربان علی شامل ہیں جبکہ سپاہی اسحاق تنویر، سپاہی غفران اور سپاہی صدیق زخمی ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ژوب واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ اانتہائی افسوسناک ہے۔ دہشت گرد پاکستانی افواج کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔‘