Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، ڈاکٹر مشاط

عازمین 17 اور 18 جولائی کو مشاعر مقدسہ پہنچنا شروع ہوں گے (فوٹو: خلیج ٹائمز)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے تصدیق کی ہے کہ سال رواں کے حج عازمین کو خوش آمدید کہنے کے لیے ہماری تیاری پوری طرح مکمل ہے۔
عرب نیوز کے مطابق حج و عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبد الفتاح مشاط نے بتایا ہے کہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب  کے مقدس شہروں میں کام کرنے کی رفتار میں مزید اضافہ ہوگا اور تمام متعلقہ شعبےعازمین کو بروقت خوش آمدید کہنے کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔
عبدالفتاح مشاط نے مزید بتایا کہ وزارت حج و عمرہ نے نجی، سرکاری اور سکیورٹی کے 30 سے ​​زائد اداروں کے تعاون سے سٹریٹجک اور آپریشنل منصوبے تیار کیے ہیں۔
ریاض ریڈیو پر نشر ہونے والے انٹرویو میں نائب وزیر حج نے بتایا کہ ’مقدس شہروں میں حجاج کی رہائش گاہیں تیار ہیں۔ موسم حج میں عالمی وبا سے محفوظ رہنے کا مکمل منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔‘
عرفات میں حجاج کے خیمے اس کے علاوہ منیٰ اور دیگرعلاقوں میں مختلف سہولیات کے ساتھ ساتھ  مزدلفہ میں قیام کے علاقوں میں سہولتوں  کا مکمل معائنہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال پچھلے حج سیزن سے ماحول مختلف ہوگا۔ حج کے دوران ایک صحت مند ماحول ہوگا، پورے حج  سفر کے دوران عازمین کے مابین معاشرتی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’سعودی حکومت کی جانب سے مشاعر مقدسہ کے تمام مقامات کو آپس میں جوڑنے والا ایک مربوط ٹرانسپورٹ نیٹ ورک بھی تشکیل دیا گیا ہے۔‘
’مخصوص بسیں عازمین کو ان کی رہائش گاہ سے مطلوبہ مقامات  تک لے جانے  کے لیے موجود رہیں گی۔‘

حاجیوں کی بسوں میں صرف 20 حاجیوں کے لیے مخصوص نشستیں ہوں گی (فوٹو: عرب نیوز)

نائب وزیر حج نے واضح کیا کہ اس سال حج میں وہ عازمین شامل ہیں جنہوں نے پہلے حج نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ماہ جون میں وزارت حج و عمرہ کو 10 دن میں پانچ لاکھ سے زیادہ حج درخواستیں موصول ہوئیں جب کہ اس سال 60 ہزارعازمین کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مشاط نے بتایا کہ ’اس سال حج درخواستوں کو مخصوص میکانزم کے مطابق ترتیب دیا گیا تھا جس میں عازمین کی جسمانی صحت کو مدنظر رکھا گیا۔‘
ان کے مطابق عازمین کے لیے عمر کے گروپوں کے ذریعے اعداد وشمار ترتیب دیے گئے۔ سعودی عرب میں رہائش پذیر تمام ممالک کے افراد میں شامل 50 سال سے زیادہ عمر والوں کو ترجیح دی گئی۔

گذشتہ سال حج موسم کورونا کی عالمی وبا کے باعث غیر معمولی تھا (فوٹو: عرب نیوز)

انہوں نے بتایا کہ سال 1442 کے حج کے لیے عازمین کو 190 کمپنیوں کو ذمہ داریاں دی گئیں جہاں انہیں تین مختلف پیکج پیش کیے گئے۔
عبدالفتاح مشیط نے واضح کیا کہ ’رواں سال حج کے لیے منتخب کردہ عازمین 17 اور 18 جولائی کو مشاعر مقدسہ پہنچنا شروع ہوں گے۔ عازمین کے لیے بسوں کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ 50 حاجیوں کی گنجائش والی بسوں میں صرف 20 حاجیوں کے لیے مخصوص نشستیں ہوں گی۔‘
دوران حج عازمین کے لیے سمارٹ کارڈ ضروری ہوں گے جن کے ذریعے خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ان کی مدد کے لیے معلومات فراہم کی جائیں گی۔
حج وعمرہ میں خدمات پیش کرنے میں ماہر صحافی اور مصنف احمد صالح حلبی نے بتایا ہے کہ سال رواں میں کورونا وائرس کے پیش نظرعازمین کی صحت کی مکمل حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے محدود تعداد میں احتیاطی تدابیر کے مطابق حج کی اجازت دی گئی ہے۔

پانچ لاکھ درخواستوں میں اس سال 60 ہزارعازمین کا ہدف مقرر کیا گیا ہے (فوٹو: خلیج ٹائمز)

احمد صالح نے مزید کہا کہ ’گذشتہ سال حج موسم کورونا کی عالمی وبا کے باعث غیر معمولی تھا۔ سعودی حکومت نے عازمین حج کو سلامتی اور سکون کے ساتھ  حج ارکان ادا کرنے کے قابل بنایا۔ کورونا وائرس کے باوجود اس سے نمٹنے اور اس وبا پر قابو پانے کے لیے اچھا تجربہ رہا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس سال مملکت کے اندر رہنے والے غیر ملکیوں اور مقامی شہریوں  کے لیے حج کی سہولت محدود رکھنے کے فیصلے سے عازمین کی صحت اور تحفظ کو اہمیت دینے کی حکومت کی خواہش کی تصدیق ہوتی ہے۔‘
 

شیئر: