مصری کامیڈین فلم کا سعودی عرب میں ریکارڈ بزنس، دس لاکھ ٹکٹ فروخت
جمعرات 8 جولائی 2021 5:35
کامیڈین فلم ’وقفۃ رجالۃ‘ نے تمام شہروں میں بزنس کیا ہے( فائل فوٹو الاقتصادیہ)
مصری کامیڈین فلم ’وقفۃ رجالۃ‘ (مردانہ حمایت) نے سعودی عرب کی تاریخ میں بزنس کے سارے ریکارڈ توڑ دیے۔ اب تک اس فلم کے دس لاکھ ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق مصری فلم میں ملک کے ممتاز فن کاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اس فلم نے مملکت کے شہروں میں موجود سینما گھروں سے ریکارڈ بزنس کیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں اب سے 4 برس تین ماہ قبل سینما گھر قائم ہوئے تھے۔ سمعی و بصری میڈیا کا سرکاری ادارہ فلمی صنعت کی نگرانی کررہا ہے۔
قبل ازیںلسعودی وزارت ثقافت نے ’2020 کے دوران سعودی عرب کا ثقافتی منظر نامہ‘ کے عنوان سے نئی رپورٹ جاری کی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ’گذشتہ برس کورونا وبا کے باوجود سعودی عرب میں سنیما کے 66 لاکھ ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔‘
2019 کے دوران سینما کے ٹکٹ 40 لاکھ کے لگ بھگ فروخت ہوئے تھے۔ 2020 میں سنیما ٹکٹ کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔
وزارت ثقافت کی رپورٹ کے مطابق ’2020 کے دوران ریاض، جدہ اور دمام میں سینما گھروں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور دیگر شہروں میں نئے سینما گھر کھولے گئے۔ 2019 میں سینما گھروں کی تعداد 12 تھی جو 2020 میں بڑھ کر 33 تک پہنچی۔‘