Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محائل عسیر ٹرک حادثہ، ہلاک ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل

’ہلاک شدگان میں ایک 48 سالہ پاکستانی، 74 سالہ سعودی اور 37 سالہ فلپائنی شہری ہیں جبکہ ایک مصری کی حالت نازک ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محائل عسیر میں ایک تیز رفتار ٹرک نے اشارے پر کھڑی متعدد کاروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے جبکہ ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
سبق ویب سائٹ اور العربیہ کے مطابق ہلاک شدگان میں ایک 48 سالہ پاکستانی، 74 سالہ سعودی اور 37 سالہ فلپائنی شہری ہیں جبکہ ایک 52 سالہ مصری شخص کی حالت انتہائی نازک ہے۔
واقعے کی ویڈیو فوٹیج سوشل میڈیا پروائرل ہوئی جس میں اس المناک حادثے کو وقوع پذیر ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حادثہ ابہا روڈ پر ایک اشارے پر کھڑی کاروں اور تیز رفتار ٹرک کے تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔ کاروں کے عقب سے آنے والا ٹرک بے قابوہو کر کاروں پر چڑھ گیا۔
 حادثے کے نتیجے میں کئی کاروں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کی ٹیمیں اور ہلال احمر کی ایمبولینسیں موقعے پرپہنچ گئیں۔
عسیر ریجن میں ہلال احمر کے ترجمان احمد الالمعی نے کہا ہے کہ ’حادثے کے فوری بعد ہماری امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارکنوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا‘۔
دوسری جانب محکمہ ٹریفک نے بیان میں کہا ہے کہ ’ٹرک کے بے قابو ہونے کی وجہ بریک فیل ہوجانا تھا‘۔

شیئر: