Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق اولمپئین نوید عالم انتقال کر گئے

سندھ حکومت نے نوید عالم کے مکمل علاج کے لیے شوکت خانم ہسپتال کی انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔ (فوٹو: بشکریہ مبشر عالم)
سابق اولمپئین نوید عالم منگل کو لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔ نوید عالم کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور شوکت خانم کینسر ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ 
نوید عالم  بھائی مبشر عالم نے اردو نیوز سے بات کرنے ہوئے تصدیق کی کہ پہلی کمیوتھراپی کے بعد نوید عالم کی حالت بگڑ گئی جس کے بعد وہ انتقال کر گئے۔
خیال رہے کہ چند دن قبل سندھ حکومت نے کینسر میں مبتلا سابق اولمپئین نوید عالم کے مکمل علاج کے لیے شوکت خانم ہسپتال کی انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے جمعے کو کہا تھا کہ ’ہسپتال انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ نوید عالم کے علاج پر جتنا بھی خرچہ ہوگا وہ سندھ حکومت ادا کرے گی۔‘
کچھ روز قبل پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی اور ہیڈ کوچ رہنے والے نوید عالم کی بیماری سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش رہیں۔ ان خبروں کے مطابق نوید عالم کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تھے۔
اس حوالے سے اردو نیوز نے ان کے بھائی مبشر عالم سے رابطہ کیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ ’چند روز قبل اولمپیئن نوید عالم کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد شوکت خانم ہسپتال لے جانے پر بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی۔
مبشر عالم کا کہنا تھا کہ ’شوکت خانم میں ڈاکٹرز نے علاج کے لیے 40 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔ گھر والے یہ اخراجات برداشت نہیں کر سکتے اس لیے حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ مدد کرے۔‘
اولمپیئن نوید عالم کی بیٹی حاجرہ نوید نے بھی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اپنے والد کے علاج میں مدد کی اپیل کی تھی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف 4 ٹیمز ہاکی سیریز کے سلسلے میں  آج منگل کو منعقد ہونے والے میچز اولمپئین نوید عالم کے انتقال کے سوگ میں منسوخ کر دیے ہیں۔
 

شیئر: