کراچی: ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر سابق اولمپیئن اصلاح الدین سے گاڑی چھین لی
منگل 12 جنوری 2021 17:35
توصیف رضی ملک -اردو نیوز- کراچی
گلستان جوہر سے مسلح افراد اصلاح الدین کی گاڑی میں سوار ہوئے (فوٹو: پکسابے)
سابق اولمپیئن اور پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین کراچی میں رہزنی کی واردات کا شکار ہو گئے۔ مسلح افراد نے ان کی گاڑی اور پرس چھین لیا۔
منگل کی شام کو تین افراد اسلحے کے زور پر اصلاح الدین کی گاڑی میں بیٹھ کر گلستان جوہر سے سوار ہوئے اور صفورا چونگی میں انہیں اتارنے کے بعد گاڑی لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق گاڑی چوری کی واردات گلستانِ جوہر کانٹی نینٹل بیکری کے قریب پیش آئی۔ تین نامعلوم افراد نے اسلحے کے زور سابق اولمپیئن کو گاڑی میں بٹھایا اور خود بھی سوار ہوگئے۔ صفورا کے قریب ملزموں نے انہیں گاڑی سے اتارا اور 2019 ماڈل کی ہنڈا سوک چھین کر لے گئے۔
پولیس کے مطابق ’اصلاح الدین گلستان جوہر میں اپنے کسی عزیز کے جنازے میں شرکت کے لیے آئے تھے۔‘ پولیس نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ ’سابق اولمپیئن اصلاح دین کو اغوا نہیں کیا گیا البتہ ملزم ان کا پرس چھین کر لے گئے۔‘
واقعے سے متعلق اے وی ایل سی (اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل) کو آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ پولیس واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے شواہد اکھٹے کر رہی ہے۔