الشرقیہ میں ہیلتھ آئسولیشن کی خلاف ورزی، کورونا سے متاثر 238 افراد گرفتار
یہ افراد بیرون مملکت سے سعودی عرب پہنچے تھے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں الشرقیہ پولیس کے ترجمان محمد الشہری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر 238 افراد کو ہاؤس آئسولیشن اور ہیلتھ قرنطینہ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔
سرکاری خ:ر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو بیرون مملکت سے سعودی عرب پہنچے تھے اور انہیں ہوٹل قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ اس کی پابندی نہ کرنے پر انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی قانون کے بموجب کورونا وبا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوجانے پر کسی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی کو ہاؤس آئسولیشن یا قرنطینہ کی پابندی کرنی ہوتی ہے۔
بیرون مملکت سے آنے والوں میں سے کئی کو ہوٹل قرنطینہ کا پابند بنایا جاتا ہے۔ خلاف ورزی پر دو لاکھ ریال تک کا جرمانہ یا دو برس تک قید کی سزا یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں۔
اگر ہیلتھ آئسولیشن یا ہوٹل قرنطینہ کی خلاف ورزی کا مرتکب کوئی غیرملکی ہوگا تو اسے سزا کے بعد مملکت سے بے دخل بھی کیا جائے گا اور سزا مکمل کرنے کے بعد اسے بلیک لسٹ بھی کردیا جائے گا۔