خلاف ورزی پر2 لاکھ ریال تک جرمانہ اور 2 برس قید کی سزا ہے(فوٹو، سبق نیوز)
قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے مختلف شہروں میں کورونا آئسولیشن اور قرنطینہ کی خلاف ورزی پر مزید 40 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق جازان ریجن کے پولیس ترجمان میجرنایف حکمی کا کہنا تھا کہ ریجن کے مختلف علاقوں میں کورونا آئسولیشن اور قرنطینہ کی خلاف ورزیوں پر32 افراد کو مختلف اوقات میں گرفتار کیاگیا۔
دوسری جانب الجوف ریجن کے پولیس ترجمان کرنل یزید النومس کا کہنا تھا کہ الجوف میں 8 افراد کو قرنطینہ خلاف ورزیوں پرتفتیشی ٹیموں نے گرفتار کیا ہے۔
الجوف ریجن میں آئسولیشن خلاف ورزی پر8 افراد کو گرفتار کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
مذکورہ افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پرانہیں ہاوس آئسولیشن کی ہدایت کی گئی تھی جس کی خلاف ورزی کرنے پرانہیں حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کورونا وائرس سے بچاو کےلیے متاثرین کو عام افراد سے ملاقات کرنے اور عوامی مقامات پرجانے کی اجازت نہیں ہوتی۔
آئسولیشن اور قرنطینہ کی خلاف ورزی پر2 لاکھ ریال جرمانہ ، 2 برس تک قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں تاہم سزاوں کا فیصلہ پراسیکیوشن کا ادارہ کرتا ہے۔