Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 52 رنز سے شکست، سیریز انگلینڈ کے نام

پاکستانی بولر حسن علی نے پانچ انگلش بیٹسمینوں کو پویلین بھیجا (فوٹو: آئی سی سی)
پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا گیا دوسرا ایک روزہ میچ 52 رنز سے ہار گئی، اس طرح سیریز انگلینڈ نے 1-2 سے جیت لی ہے۔
میزبان انگلش سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 47 اوورز میں 247 رنز بنائے اور پاکستانی ٹیم کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا۔
پہلے ہی اوور میں اوپنر امام الحق کی وکٹ کھونے والی مہمان ٹیم کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 41 اوورز میں 195 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق ایک، فخر زمان 10، کپتان بابر اعظم 19، محمد رضوان پانچ، صہیب مقصود 19، شاداب خان 21 اور فہیم اشرف ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے سب سے زیادہ 56 رنز بنائے۔  77 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں چار چوکے بھی شامل تھے۔
سنیچر کو بارش سے متاثرہ میچ تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے 47 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
دوسرے ون ڈے میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم بھی مقررہ 47 اوورز مکمل نہیں کھیل سکی تھی۔ حسن علی کی پانچ وکٹوں کی بدولت میزبان سائیڈ 45.2 اوورز میں 247 رنز بنا پائی تھی۔
انگلینڈ کی جانب سے اوپنر فل سالٹ نے 60 رنز بنائے، جیمز ونسے 56 ، لیوس گریگوری 40، برائیڈن کیرس 31 اور کپتان بین سٹوکس 22 رنز بنا سکے تھے۔

حسن علی نے 9.2 اوورز میں 51 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: آئی سی سی)

انگلش اوپنر ڈیوڈ ملان، ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے زیک کرولی اور کریگ اوورٹن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔
اس سے قبل پہلے میچ میں بھی قومی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی تھی اور میزبان انگلینڈ نے میچ بآسانی نو وکٹوں سے اپنے نام کرلیا تھا۔
کارڈیف میں آٹھ جولائی کو کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض 141 رنز بنا سکی تھی۔ جواب میں انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 21.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا تھاا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 13 جولائی برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: