Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بیٹنگ لائن فلاپ، بولرز بے بس، انگلینڈ نو وکٹوں سے کامیاب

انگلینڈ کی جانب سے پانچ کھلاڑی اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
142 رنز کا ہدف انگلینڈ کی ٹیم نے با آسانی 22 ویں اوور میں پورا کر لیا۔
اوپنر ڈیوڈ ملان نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے زیک کرالی کے ساتھ 120 رنز کی شراکت داری بھی بنائی۔ زیک کرالی نے بھی صرف 50 گیندوں پر 58 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فل سالٹ تھے جو سات رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
کارڈف میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے قائم مقام کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی پوری ٹیم 35.2 اوورز میں 141 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب  سے فخر زمان 47 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
انگلینڈ کے ثاقب محمود نے 42 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کریگ اوورٹن نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز تباہ کن ہوا۔ میچ کی پہلی ہی گیند پر پاکستان کے اوپنر امام الحق  ثاقب محمود کا شکار بنے۔ پہلی اوور کی تیسری گیند پر کھاتا کھولنے سے قبل ہی بابر اعظم بھی ثاقب محمود کا شکار بن کر پولین لوٹ گئے۔
محمد رضوان 13 رنز بناکر لوئس گریگوری کی گیند پر پویلین آؤٹ ہوئے۔ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سعود شکیل صرف پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
26 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے صیہب مقصود آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 53 رنز کی شراکت قائم کی۔ صہیب مقصود 19 رنز بناکر رن آوٹ ہوئے۔
فخر نے 47 رنز کی اننگز کھیلی لیکن 90 کے مجموعی سکور پر وہ میٹ پارکنسن کا شکار بنے۔

پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر جگہ نہ بنا سکے (فوٹو: اے ایف پی)

شاداب خان نے 30 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن کریگ اوورٹن نے انہیں بھی چلتا کر دیا۔ شاہین آفریدی  پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری  بیٹسمین  تھے۔
خیال رہے انگلینڈ کی جانب سے پانچ کھلاڑی پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والوں میں فل سالٹ، زیک کرالی، لوئس گریگوری، بریڈن کارس اور جان سمپسن شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر جگہ نہ بنا سکے اور دورے سے قبل عین وقت پر ٹیم میں شامل کیے گئے صہیب مقصود کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سیریز کے آغاز سے دو دن قبل انگلینڈ کے سکواڈ کے تین کھلاڑیوں اور عملے کے چار اراکین کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا جس کے بعد انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے نئے سکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

فخر نے 47 رنز کی اننگز کھیلی لیکن 90 کے مجموعی سکور پر وہ میٹ پارکنسن کا شکار بنے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

18 رکنی اس سکواڈ کے 9 کھلاڑیوں نے اب تک بین الاقوامی سطح پر انگلینڈ کی نمائندگی نہیں کی۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
انگلینڈ: بین اسٹوکس(کپتان)، ڈیوڈ ملان، فل سالٹ، زیک کرالی، جیمز ونس، جان سمپسن، لوئس گریگوری، کریگ اوورٹن، بریڈن کارس، ثاقب محمود اور میٹ پارکنسن۔
پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، صہیب مقصود، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف
 

شیئر: