منی، مزدلفہ اور عرفات کے اطراف سکیورٹی حصار قائم ہوگا
منی، مزدلفہ اور عرفات کے اطراف سکیورٹی حصار قائم ہوگا
منگل 13 جولائی 2021 10:55
پریس کانفرنس میں حج سکیورٹی کے جامع منصوبے کے متعلق بھی آگاہی دی گئی
سعودی عرب میں حج سکیورٹی کمانڈر کی جانب سے منگل کو کہا گیا ہے کہ ’کسی شخص کو بغیر کارآمد اجازت نامے (پرمٹ) کے مقامات مقدسہ کی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’کورونا کی وبا کی وجہ سے رواں برس حجاج کی تعداد کو محدود کردیا گیا ہے۔‘
’تمام حجاج کو صرف چار مخصوص راستوں سے داخلے کی اجازت ہوگی اور مشائر کے علاقے میں کارکنوں کو وزارت داخلہ کی جانب سے اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔‘
حج سکیورٹی فورس کی پہلی پریس کانفرنس آج منعقد ہوئی جس میں حج کا سکیورٹی پلان پیش کیا جائے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پریس کانفرنس میں حج سکیورٹی کے جامع منصوبے کے علاوہ ٹریفک منصوبے کے متعلق بھی آگاہی دی گئی۔
پریس کانفرنس میں حج سکیورٹی فورس کے سربراہ جنرل زاید الطویان، معاون برائے روڈ سیکورٹی فورس جنرل عبد العزیز المسعد، محکمہ شہری دفاع کے سربراہ جنرل ڈاکٹر حمود الفرج اور حج میں پاسپورٹ کے سربراہ جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے خطاب کیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق حج سیکیورٹی کے کمانڈر نے کہا کہ اس سال محدود حج کا فیصلہ کورونا وبا کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ وائرس سے بچاؤ کے انتظامات کے پیش نظر کم تعداد میں لوگوں کو حج کرانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے کسی بھی شخص کو جس کے پاس حج کا اجازت نامہ نہیں ہوگا اسے مشاعر مقدسہ (منی، عرفات، مزدلفہ) جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان مقامات پر کام کرنے والوں کے لیے وزارت داخلہ سپیشل اجازت نامے جاری کرے گی۔
سیکیورٹی فورس کے کمانڈر نے بتایا کہ تمام عازمین حج کا مکہ مکرمہ میں چار مقامات پرخیر مقدم کیا جائے گا۔ حج مقامات پر جانے کی کوشش کرنے والوں یا دراندازوں پر قانون نافذ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حج سیکیورٹی کے تمام اداروں نے تمام انتظامات مکمل کرلیے۔
حج سیکیورٹی فورس کے معاون کمانڈر برائے روڈ سیکیورٹی نے کہا کہ تمام ادارے منی، مزدلفہ اور عرفات کے اطراف سیکیورٹی حصار قائم کریں گے۔
الاخباریہ کے مطابق حج سیکیورٹی فورس کے کماّنڈر میجر جنرل زاید الطویان نے کہا کہ اس سال حج کے دنوں میں ٹریفک اور سیکیورٹی فورس کی کارکردگی کو موثر بنانے کے لیے خفیہ گشتی فورس تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار استقبالیہ سینٹر پر تفتیشی کارروائی کے بعد عازمین کو مسجد الحرام پہنچایا جائے گا۔ کسی بھی شخص کو چیک پوسٹوں سے گزرے بغیر براہ راست حرم جانے سے روکا جائے گا۔
بغیر اجازت حج مقامات پر عازمین کو لے جانے والوں کے لیے سزائیں
علاوہ ازیں حج پاسپورٹ فورس کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے بغیر اجازت نامے والےعازمین کو مکہ مکرمہ، منی، مزدلفہ اور عرفات لے جانے والوں کے لیے سزاؤں اور جرمانوں کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق المربع نے منگل کو حج سیکیورٹی پریس کانفرنس میں کہا کہ بغیر اجازت نامے والے عازمین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
پہلی بار لے جانے پر فی عازم حج دس ہزار ریال اور پندرہ روز قید کی سزا ہوگی۔ دوسری بار لے جانے پر فی عازم حج 25 ہزار ریال جرمانہ اور دو ماہ قید ہوگی۔
تیسری بار اس حرکت پر فی عازم حج 50 ہزار ریال جرمانہ اور چھ ماہ قید کی سزا دی جائے گی۔
معاون کمانڈر میجر جنرل خالد الضبیب نے کہا کہ مکہ مکرمہ کے اطراف دس سیکیورٹی سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔