وبا کے بعد سے ابوظبی میں ہوٹل انڈسٹری کا کاروبار عروج پر
منگل 13 جولائی 2021 17:17
فروری 2020 کے بعد سے ہر ماہ ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ بلند ترین سطح پر رہی (فوٹو: عرب نیوز)
ویسے تو کورونا نے دنیا میں ہوٹل انڈسٹری سمیت تمام ہی شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے تاہم ابوظبی کے ہوٹلوں میں وبا سامنے آنے کے بعد سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بڑھا ہے اور یہ تعداد اب زیادہ ہو رہی ہے۔
یہ بات سمتھ ٹریول ریسرچ (ایس آر ٹی) کی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔
عرب نیوز نے ہاسپٹیلٹی انڈسٹری ریسرچ کےاعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’گذشتہ ماہ یعنی جون میں ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ کا تناسب ساڑھے 68 فیصد رہا۔ اس دوران کمرے کا اوسط کرایہ 320 درہم رہا۔
ایس ٹی آر کے مطابق ’سال بہ سال ہوٹلوں میں مسافروں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ 2020 میں وبا کے شدید مہینوں کے دوران بھی ہوٹلوں میں آنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا۔‘
فروری 2020 کے بعد سے ہر ماہ ہوٹلوں میں آنے والے افراد کی تعداد بلند ترین سطح پر رہی۔
متحدہ عرب امارات نے ویکسینیشن کا تیز پروگرام شروع کر رکھا ہے تاکہ اس کی معیشت کے کلیدی حصے سیاحت کو جلد سے جلد بحال کیا جا سکے۔