Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل ریجن میں بابل کے حکمراں نابونید کے دور کے آثار

آثار کی تفصیلات کا اعلان حقائق تک رسائی کے بعد کیا جائے گا- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے حائل ریجن میں نئے تاریخی آثار کی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بابل کے حکمراں نابونید کے دور کے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر ثقافت نے بتایا کہ قدیم مشرق قریب کے بیشتر تمدنوں سے ہماری سرزمین کا تاریخی رابطہ رہا ہے۔ 
وزیر ثقافت نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویت کیا کہ ’حائل میں بابل کے فرمانروا نابونید سے تعلق رکھنے والے چٹانوں کے نقوش دریافت ہوئے ہیں۔ قدیم مشرق قریب کے بیشتر تمدن سازوں سے ہمارے ملک کا رابطہ رہا ہے اوراس حوالے سے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔‘ 
سعودی محکمہ آثار کا کہنا ہے کہ شمالی سعودی عرب کے علاقے حائل کی کمشنری الحائط میں چھٹی قبل مسیح کے وسط میں بابل کے فرمانروا نابونید سے متعلق چٹانوں پر نقوش ملے ہیں۔ یہ اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ جزیرہ عرب میں قدیم مشرق قریب کے بیشترتمدنوں کے بنانے سنوارنے میں تاریخی کردار ادا کیا اور ان سے رابطے رکھے۔
ایک چٹان پر ایک نقش دریافت ہوا ہے جس میں بابل کے فرمانروا نابونید اپنے ہاتھ میں ہنٹر لیے کھڑے ہیں اور ان کے سامنے متعدد مذہبی علامتیں نظر آرہی ہیں۔ علاوہ ازیں 26 سطروں پر مشتمل ایک مسماری متن بھی دیکھا گیا ہے۔ اس حوالے سے مملکت میں دریافت ہونے والا یہ اب تک طویل ترین متن ہے۔ 
سعودی محکمہ آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ ماہرین ان نقوش اور تحریروں کا گہرائی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔  تفصیلات کا اعلان حقائق تک رسائی کے بعد کیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ اس سے قبل تیما اور حائط کے درمیان متعدد مقامات پر چٹانوں پر نقوش اور سنگی لاٹ دریافت ہوئے ہیں۔ یہ بابل کے حکمراں نابونید کی یادگاریں ہیں۔ ان سے یہ بات ثابت ہورہی ہے کہ ماضی قدیم میں جزیرہ عرب اور عراق کے حکمرانوں کے درمیان تجارتی اور تمدنی تعلقات تھے۔
الحائط کا محل وقوع جزیرہ عرب کے شمال مغرب میں قبل مسیح کے پہلے ہزارے میں بے حد اہم تھا۔ اس کا پرانا نام فدک ہے۔ اسلامی عہد کے ابتدائی دور تک یہ جگہ اہم رہی۔ اس کے پہاڑوں کے اطراف چٹانوں پر جانوروں، انسانوں کے نقوش ملے ہیں- پہلے اسلامی عہد کی تحریریں بھی ریکارڈ پر آئی ہیں۔  
حائط یا فدک میں متعدد  قلعے، چھاؤنیاں، فصیلیں اور آبی تنصیبات کے کھنڈر آج تک محفوظ ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: