سعودی لاجسٹک اکیڈمی 350 نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرے گی
سعودی لاجسٹک اکیڈمی 350 نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرے گی
بدھ 14 جولائی 2021 12:51
پروگراموں کے لیے رجسٹریشن کا اعلان ویب سائٹ کے ذریعے ہو گا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
مقامی نوجوانوں کو تربیت دینے اور لاجسٹک کے میدان میں کام کا اہل بنانے کے لیے گذشتہ روز منگل کو سعودی لاجسٹک اکیڈمی لانچ کی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس اکیڈمی کے ذریعے سعودی عرب میں لاجسٹک کے شعبے میں طلبا کی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے انہیں تکنیکی تعلیم اور تربیت دی جائے گی۔
لاجسٹک اکیڈمی کی مقامی اور بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے یہاں پر آنے والے طلبا متعدد خصوصی تربیتی پروگراموں میں حصہ لیں گے جس کے بعد اکیڈمی عالمی لاجسٹک سنٹر کی حیثیت سے اپنی صلاحیتیوں کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
یہ لاجسٹک اکیڈمی نوجوانوں کو اس میدان کے لیے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔
گذشتہ روز منگل کی اکیڈمی کی افتتاحی تقریب کے دوران نجی شعبے کے ساتھ 350 سے زیادہ سعودی مرد و خواتین کو ملازمتیں دینے کے لئے 11 مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
سعودی لاجسٹک اکیڈمی کے آغاز کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین، رومیح بن محمد الرمیح نے کہا کہ اکیڈمی کے آئندہ سمسٹر کے آغاز پر طلبا کے لیے مختلف پروگرام دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کا آغاز ان اقدامات میں سے ایک ہے جو سعودی وژن2030 کی حمایت کرتا ہے اور یہ مملکت میں لاجسٹک سنٹرز کی کارکردگی کو بہتر بنائے گا۔
سعودی لاجسٹک اکیڈمی نے سات شعبوں پر کام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان شعبوں میں پوسٹل لاجسٹک سروسز، بحری سروسز اور بندرگاہوں پر آمدورفت، بین الاقوامی تجارت، جہاز رانی اور برآمد، لینڈ ٹرانسپورٹ، ای کامرس، گودام مینجمنٹ اور فضائی نقل و حمل شامل ہے۔
تربیتی سیشنز میں مختلف پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ ان پروگراموں میں تین طرح کے ٹریننگ سمسٹر شامل ہیں۔
پہلا شارٹ کورسز اور ریموٹ ٹریننگ پروگرام، دوسرا انٹرنیشنل سپیشل پروفیشنل سرٹیفکیٹ پروگرامز اور تیسرا خصوصی ایگزیکٹو پروگرامزپر مشتمل ہوگا۔
سعودی لاجسٹک اکیڈمی کی لانچنگ تقریب وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹک سروسز کے وزیر صالح بن ناصر الجسیر، وزیر مواصلات اورانفارمیشن ٹیکنالوجی عبد اللہ بن عامر السواحہ اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن( ٹی وی ٹی سی) کے گورنراحمد بن فہد الفہید بھی موجود تھے۔
لاجسٹک اکیڈمی میں پروگراموں کے لیے رجسٹریشن کے آغاز کا اعلان ویب سائٹ http://sla.edu.sa/ کے ذریعے کیا جائے گا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں