ایس آر ایم جی نے پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم ’ثمانیہ‘ کے 51 فیصد شیئر خرید لیے
ایس آر ایم جی کی سی ای او نے نئے پلیٹ فارم کو گروپ میں خوش آمدید کہا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) نے عربی زبان کے پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم ثمانیۃ میں 51 فیصد حصص خریدنے کا اعلان کیا ہے۔
ایس آر ایم جی الشرق الاوسط، الشرق نیوز اور عرب نیوز سمیت 30 سے زائد بڑے اشاعتی اداروں کا مالک گروپ ہے۔
ثمانیۃ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں بڑے پوڈ کاسٹ پلیٹ فارمز میں شمار کیا جاتا ہے۔ ایس آر ایم جی کی جانب سے اس کی خریداری گروپ کی نئی ڈیجیٹل فرسٹ، ملٹی پلیٹ فارم رجحان کا حصہ ہے جس کے تحت صارفین کو نئے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اصل اور منفرد مواد فراہم کیا جائے گا۔
ایس آر ایم جی اپنے عالمی نیٹ ورک اور رسائی کے ذریعے ثمانیۃ کو نئے آڈینس تک پہنچانے کا ذریعہ بنے گا۔
2016 میں سعودی عرب میں قائم کیے گئے ثمانیۃ پلیٹ فارم نے عربی ٹاک شو ’فنجان‘ سمیت متعدد عمدہ پوڈ کاسٹ تیار اور پیش کی ہیں۔ فنجان کے ماہانہ سامعین کی تعداد 16 لاکھ سے زائد ہے۔ ’سوالف بزنس‘، ’سقراط‘ اور ’تھنگز دیٹ چینجز اس‘ بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
اپنی پوڈ کاسٹ ’سقراط‘ کے ذریعے ثمانیۃ نے سعودی ویژن 2030 کے اہداف کے متعلق تین برس کی پیشرفت کو دستاویزی شکل دیتے ہوئے مملکت کے 50 سے زائد رہنماؤں کو اس کا حصہ بنایا ہے۔
اس کی پوڈ کاسٹ اور ڈاکیومینٹریز نے مشرق وسطی اور شمالی افریقی خطے (مینا) میں جہاں نمایاں جگہ بنائی وہیں سات اعزازات بھی حاصل کیے ہیں۔ ان میں دو سعودی عرب کی وزارت میڈیا کی جانب سے دیے گئے ہیں۔
ثمانیۃ سعودی عرب میں 90 سے زائد ڈاکیومینٹریز اور شارٹ فلمز کے ساتھ ڈیڑھ کروڑ سے زائد ناظرین تک پہنچ چکا ہے۔ ان ڈاکیومینٹریز کے موضوعات میں میلکم ایکس، ایڈورڈ سعید اور ایران میں ایک سعودی کے اغوا سے متعلق ویڈیوز بھی شامل ہیں۔
ایس آر ایم جی کی سی ای او جمانا الراشد کے مطابق ’عربی میں پوڈ کاسٹ اور ڈاکیومینٹریز کے بڑے پلیٹ فارمز میں سے ایک کو حاصل کر کے ہم اپنے آڈینس کو نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلی معیار کا اصل مواد فراہم کرنے کے اپنے عہد کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔‘
جمانا الراشد کے مطابق ’پوڈ کاسٹ کی عالمی مارکیٹ آئندہ دو برسوں میں 3.9 ارب ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے جس سے مستقبل کی سوچ رکھنے والے تخلیقی پلیٹ فارمز کو نئے آڈینس کے ساتھ آمدن کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ایوارڈ جیتنے والے پوڈ کاسٹ اور ڈاکیومینٹری کے ذریعے ثمانیۃ ہمیں موقع دے رہا ہے کہ اس شعبے میں نئے خیالات کی تلاش کی جائے۔ ہم ثمانیۃ ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کام کو نئی وسعتوں تک پھیلانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔‘
ثمانیۃ کے سی ای او عبدالرحمن ابوملیحہ کا کہنا ہے کہ ’ہم مینا ریجن اور دنیا بھر میں خبروں، معلومات اور لائف سٹائل مواد فراہم کرنے والے ایس آر ایم جی کا حصہ بننے پر خوش ہیں۔‘
ان کے مطابق ’اپنے قیام کے پانچ برسوں میں ثمانیۃ خطے میں بڑھنے والے ڈیجیٹل آڈینس کو اپنی پوڈ کاسٹ اور ڈاکیومینٹریز کے ذریعے اعلی معیار کے مواد کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے آگے بڑھا ہے۔ ہم بہتری کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے اور اس سرمایہ کاری کے ذریعے مزید مواد کی تیاری اور نئے آڈینس تک رسائی حاصل کریں گے۔‘
عبدالرحمن ابوملیح کے مطابق ’ایس آر ایم جی کے ساتھ کام کرتے ہوئے مزید مستحکم پلیٹ فارم تشکیل دیں گے جو ہماری قوت کے ساتھ ایس آر ایم جی کی وسیع رسائی کے ذریعے ہمارے سامعین، ناظرین اور مشتہرین کے لیے فائدہ مند ہو۔‘
ایس آر ایم جی کی ننی حکمت عملی کے تحت گروپ کا فوکس ڈیجیٹل پیشکشوں اور پورٹ فولیو میں اضافے کے ساتھ عالمی رسائی بڑھانے اور تیزی کے ساتھ وسعت اختیار کرتی علاقائی اور عالمی مارکیٹوں میں بین الاقوامی سطح پر نئے تجارتی مواقع کی تلاش پر ہے۔