سائبیریا میں لاپتہ ہونے والا مسافر طیارہ مل گیا ہے، تمام مسافر زندہ بچ گئے: روسی حکام
جمعہ 16 جولائی 2021 15:12
رواں ماہ کے شروع میں بھی روسی مسافر طیارہ اے این 26 گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
روس کے حکام نے کہا ہے کہ دوران پرواز لاپتہ ہونے والا مسافر طیارہ اے این 28 سائبیریا کے علاقے ٹومسک میں مل گیا ہے، طیارے میں سوار تمام 18 افراد زندہ بچ گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روس کی ایوی ایشن ایجنسی نے کہا ہے کہ طیارے میں سوار تمام 18 افراد زندہ مل گئے ہیں۔
اس سے قبل روس کی وزارت برائے ایمرجنسی نے جاری بیان میں کہا تھا کہ طیارے کی ’ہارڈ لینڈنگ‘ کے مقام کا پتا لگا لیا گیا ہے، جبکہ حادثے میں زندہ بچ جانے والوں کو بھی دیکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس مسافر طیارے کے حوالے سے خبر آئی تھی کہ جمعے کے روز اے این 28 دوران پرواز سائبیریا کے علاقے ٹومسک میں لاپتہ ہو گیا ہے۔
اے ایف پی نے روس کے مقامی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا تھا کہ مسافر طیارہ جمعے کے روز روس کے سرد ترین علاقے سائبیریا کے شہر ٹومسک میں لاپتہ ہوا ہے۔
مقامی نیوز ایجنسیوں آر آئی اے نووسٹی، ٹی اے ایس ایس، اور انٹر فیکس کے مطابق طیارہ ریڈار سکرینز سے غائب ہو گیا تھا۔
مقامی نیوز ایجنسیوں کے مطابق طیارے میں سترہ افراد سوار تھے، جبکہ اس سے قبل مسافروں کی تعداد تیرہ بتائی گئی تھی۔
مقامی نیوز ایجنسی انٹر فیکس نے کہا تھا کہ لاپتہ طیارہ مقامی ایئر لائن سائبیرین لائٹ ایوی ایشن کی پرواز سائبیریا کے دارالحکومت ٹومسک لے کر جا رہا تھا کہ ریڈار سے غائب ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق جہاز کی تلاش جاری ہے، جہاز کا پتہ لگانے کے لیے اس میں موجود ایمرجنسی بیکن فعال کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں بھی روسی مسافر طیارہ اے این 26 گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار تمام 28 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اینٹونوف طیارے سوویت یونین کے دور میں تیار کیے گئے تھے جو اب بھی سیویلین اور فوج کے زیراستعمال ہیں۔ گزشتہ چند عرصے میں اینٹونوف طیاروں کے کئی حادثے پیش آ چکے ہیں۔