مزید 3 شہروں میں 5 مساجد کی سینیٹائزنگ مکمل
جمعہ 16 جولائی 2021 15:29
مساجد میں احتیاطی تدابیر پرعمل جاری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت اسلامی امور نے مملکت کے تین شہروں کی 5 مساجد میں سینیٹائزنگ کرنے کے بعد انہیں نمازیوں کےلیے دوبارہ کھول دیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ 160 دنوں میں مملکت کے محتلف شہروں میں 18 سو 53 مساجد میں آنے والے بعض افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر انہیں سینیٹائزنگ کے لیے بند کیا گیا تھا۔
تمام مساجد کی سینیٹائزنگ مکمل کرنےکےبعد انہیں دوبارہ نمازیوں کےلیے کھول دیا گیا ہے۔ وزارت اسلامی امور کا مزید کہنا تھا کہ جن تین شہروں میں 5 مساجد کو دوبارہ کھولا گیا ان میں تین مساجد ریاض میں جبکہ ایک ایک مسجد قصیم اور نجران ریجن میں تھیں۔
واضح رہے وزارت اسلامی کی جانب سے مملکت میں تمام مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی کورونا کیس کی تصدیق ہونے پرفوری طورپر وزارت اسلامی امور کے متعلقہ شعبے کو مطلع کیاجائے۔
کورونا سے بچاو کےلیے مساجد میں ایس اوپیز پربھی عمل درآمد جاری ہے۔ نمازیوں کےلیے لازمی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ جائے نمازیں لائیں جبکہ صفوں کے درمیاں فاصلہ رکھیں۔