سات علاقوں میں مزید 27 مساجد سینیٹائزنگ کے بعد بحال
گزشتہ 109 روز میں ایک ہزار 371 مساجد کو بحال کیا گیا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور نے مملکت کے سات علاقوں میں 27 مساجد کو سینیٹائز کرکے بحال کیا گیا ہے۔ ان مساجد کو نمازیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے پر عارضی طور پر بند کیا گیا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے گزشتہ 109 روز کے دوران ایک ہزار 371 مساجد کو سینیٹائز کرکے بحال کیا ہے۔
وزارت نے بدھ کو بیان میں کہا کہ بدھ کو جو مساجد سینیٹائزنگ کے بعد بحال کی گئی ہیں ان میں سے 7 ، 7 کا تعلق مکہ مکرمہ اور عسیر ریجن، 6 کا قصیم ریجن اور 2،2 کا الشرقیہ، ریاض اور جازان ریجنوں سے ہے جبکہ ایک مسجد الباحہ ریجن کی ہے۔
وزارت اسلامی امور نے بیان میں مزید کہا کہ مساجد بند کرنے کا فیصلہ نمازیوں کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا جاتا ہے۔ عارضی طور پر بند کی جانے والی مساجد کو ہنگامی بنیادوں پر سینیٹائز کرکے بحال کیا جارہا ہے۔
وزارت نے تمام نمازیوں اور مساجد کے اہلکاروں سے پھر اپیل کی کہ وہ مساجد میں حاضری کے وقت حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔