Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ کی ’مسجد میقات‘ کا منفرد طرز تعمیر

مسجد کے اطراف میں خصوصی باغیچے بھی بنائے گئے ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مدینہ منورہ سے عمرہ اور حج کےلیے آنے والے زائرین کی میقات ’مسجد ذی الحلیفہ‘ طرز تعمیر اور اطراف میں موجود سبزہ زاروں کی وجہ سے انفرادیت کی حامل ہے۔ 
مسجد کے اطراف نخلستان اور سبزہ زاروں کی وجہ سے موسم خوشگوار رہتا ہے۔ موسم گرما میں بھی گرمی کا زیادہ احساس نہیں ہوتا۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے مدینہ منورہ کی مسجد میقات ’ذی الحلیفہ ‘ کے حوالے سے رپورٹ میں کہا کہ سعودی حکومت نےعازمین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظرمسجد ذی الحلیفہ کی توسیع پر خصوصی توجہ دی ہے۔ عازمین اور عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے شاندار انتظامات کیے ہیں۔ 

 مسجد 1لاکھ 78 ہزار مربع میٹر رقبے پرتعمیر کی گئی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

مسجد ذی الحلیفہ یا مسجد ’میقات‘ کی ازسرنو تعمیر اور توسیع کی گئی ہے۔ موجودہ مسجد 1لاکھ 78 ہزار مربع میٹررقبے پرتعمیر کی گئی ہے۔
مسجد کے صحن اور برآمدے منفرد خوبصورت ڈیزائن میں تیار کیے گئے ہیں ۔صحن اور برآمدوں کے درمیان رہداریاں قوس و محراب کی طرز پربنائی گئی ہیں جن کی بلندی زمین سے 16 میٹر ہے اوران پر گنبد نصب ہیں جس سے مسجد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوتاہے۔ 
مسجد میں آنے والوں کے لیے 500 طہارت خانے اوراحرام باندھنے کےلیے جگہیں بھی مخصوص کی گئی ہیں۔ 
مسجد میں آنے والوں کےلیے وسیع و عریض کار پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

صحن اور برآمدے انتہائی خوبصورت ڈیزائن میں تیار کیے گئے ہیں(فوٹو ایس پی اے)

علاوہ ازیں زائرین اور عازمین کی ضرورتوں کے پیش نظر دکانیں بھی موجود ہیں جبکہ مسجد کے اطراف خصوصی باغیچے بھی بنائے گئے ہیں جن سے مسجد کا حسن دوبالا ہو جاتا ہے۔ 
واضح رہے مسجد ذوالحلیفہ اہل مدینہ منورہ کےلیے عمرہ یا حج پرجانے کی میقیات ہے( حدود )۔
یہاں سے عازمین کے لیے لازمی ہے کہ اگر وہ عمرہ یا حج کےلیے مکہ مکرمہ جانا چاہتے ہیں تو وہ اس مقام سے آگے جانے کےلیے احرام باندھ لیں۔ 

شیئر: