70 تھرمل کیمروں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے( فوٹو اے ایس پی)
سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حجاج کے استقبال کےلیے بہترین انتظامات کیے ہیں تاکہ ضیوف الرحمان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ حج کے مناسک ادا کرسکیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے امورحرمین کے ٹیکنیکل شعبے کے ذمہ دار محمد الجبری نے بتایا کہ ’مسجد الحرام میں عازمین حج کے استقبال کے لیے 63 دروازے مخصوص کیے گئے ہیں جہاں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں‘۔
’حرم مکی کے تمام مقامات پر نصب لا ڈ سپیکرز و ساونڈ سسٹم کو بھی مکمل طورپرفعال کردیا گیا ہے‘۔
مسجد الحرام کے صحن اور دیگر مقامات کی مسلسل سینیٹائزنگ کی جاتی ہے ۔ بچھائی گئی صفوں کو بھی سینیٹائزکرنے کے بعد انہیں خصوصی خوشبو سے معطرکیاجاتا ہے۔
مسجد الحرام کو یومیہ بنیاد پر 10 بار دھویا اور سینیٹائز کیا جاتا ہے جس کےلیے چار ہزار مرد وخواتین کارکن مخصو ص ہیں۔
فائبرگلاس کی مخصوص ڈیوائڈرز کی تعداد 65 ہیں جنہیں مسلسل سینیٹائز کیا جاتا ہے۔
مسجد الحرام آنے والوں کےلیے 500 سینیٹائزنگ یونٹس نصب کیے گئے ہیں جو مخصوص سینسرز سے لیس ہیں۔11 سینیٹائزر روبوٹس کے علاوہ 20 بائیوکیئرآلات بھی لگائے گئے ہیں۔
آنے والوں کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کرنے کے لیے 70 تھرمل کیمروں کا خصوصی انتظام کیا گیا جو ایک سیکینڈ میں 6 سے 8 افراد کی اسکینیگ کرنے کی صلاحت رکھتے ہیں۔
پانی کی فراہمی کے حوالے سے ’الجابری’کا کہنا تھا کہ ادارے کی جانب سے یومیہ ایک لاکھ بوتلیں فراہم کی جاتی ہیں جو مسجد الحرام میں موجود عازمین کو تقسیم کی جاتی ہیں۔
صحن مطاف میں آب زم زم کی تقسیم کا خصوصی انتظام موجود ہے جس کےلیے ایک ہزار کارکنوں کو متعین کیا گیا ہے۔