Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

400 کلوگرام وزنی شخص سی 130 طیارے کے ذریعے قریات سے ریاض منتقل

سعودی عرب میں ایوان شاہی کی جانب سے جاری خصوصی احکامات کے تحت 400 کلوگرام وزنی شخص کو خصوصی سی 130 طیارے کے ذریعے قریات سے ریاض منتقل کردیا گیا۔ 
سعودی ٹی وی الاخباریہ کی رپورٹ کے مطابق القریات میں مقیم سعودی شہری منصور الشراری جو مٹاپے کا شکار ہے نے عید الاضحی سے قبل ایوان شاہی سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا علاج کرانے میں مدد فراہم کی جائے۔ 
شہری نے اپنی درخواست میں مزید کہا تھا کہ وہ اپنے انتہائی زیادہ وزن کی وجہ سے نقل و حرکت کرنے کی قابل نہیں۔ اس لیے اسے ریاض کےشاہ خالد یونیورسٹی ہسپتال لے جانے کےلیے خصوصی جہاز فراہم کیاجائے۔ 
ایوان شاہی کی جانب سے منصور الشراری کو القریات سے ریاض منتقل کرنے کےلیے خصوصی سی 130 طیارے بھیجا گیا جس کے ذریعے اسے ریاض پہنچایا گیا۔ 
اس موقع پر منصور الشراری نے کہا کہ آج اپنی صحت مندی کے سفر پرروانہ ہو رہا ہوں اور جلد ہی اپنے علاقے القریات میں صحت مند ہو کر واپس جاوں گا۔ 
ایوان شاہی کی جانب سے درخواست منظور کیے جانے پرمنصور الشراری نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ 

شیئر: