Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی تارکین کی مدد پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ

خلاف ورزی کے ذمہ دار کی مقامی میڈیا پر تشہیر بھی کی جائے گی (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ نے خبردار کیا ہے کہ جو شخص بھی کسی بھی شکل میں غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا اسے پندرہ 15 تک قید اور 10 لاکھ  ریال جرمانے کی سزا ہوگی۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’محکمہ امن عامہ نے ٹوئٹر کے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر بیان جاری کیا ہے۔‘

امن عامہ نے ٹوئٹر کے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر بیان جاری کیا ہے

بیان میں کہا گیا کہ ’جو شخص بھی سعودی عرب کے سرحدی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی شخص کو مملکت میں داخل ہونے، اسے اندرون مملکت سفر کی سہولت فراہم کرنے، رہائش کا بندوبست کرنے یا کسی بھی شکل میں اسے کسی طرح کا کوئی تعاون دے گا اسے قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی۔‘
امن عامہ کا کہنا ہے کہ ’غیر قانونی طریقے سے مملکت میں داخل ہونے والوں کو سہولت فراہم کرنے کی صورت میں گاڑی اور رہائش کے لیے استعمال ہونے والا مکان ضبط کرلیا جائے گا۔ خلاف ورزی کے ذمہ دار کی مقامی میڈیا پر تشہیر بھی کی جائے گی۔‘
بیان میں امن عامہ نے مزید کہا کہ ’یہ ایسے بڑے جرائم میں سے ایک ہے جن پر گرفتاری ہوتی ہے اور اس سے ایمانداری اور وقار مجروح ہوتا ہے۔‘

شیئر: