Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بدین: ’پسند کی شادی‘ کرنے والی ہندو لڑکی بازیاب، عدالت کے حکم پر والدین کے حوالے

ُپولیس کا کہنا ہے عدالت کے حکم پر رینا کو ان کے والدین کے حوالے کیا گیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سندھ کے علاقے بدین کی رہائشی ہندو لڑکی رینا کماری میگھواڑ کو، جنہوں نے کچھ ماہ قبل مبینہ طور پر اسلام قبول کر کے اپنی مرضی سے شادی کر لی تھی، پولیس نے عدالت کے حکم پر ان کے والدین کے حوالے کردیا۔
ایس ایس پی بدین شبیر سیٹھار نے بتایا کہ رینا میگھواڑ نے مبینہ طور پر چھ ماہ قبل قاسم خا صخیلی  سے والدین کی مرضی کے برخلاف شادی کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اتوار کے دن  رینا میگھواڑ کو کڑیو گھنور ٹاؤن سے بازیاب کر کے پولیس کی سکیورٹی میں سوموار کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کر دیا۔
بعد ازاں عدالت کے حکم پر رینا کو ان کے والدین کے حوالے کیا گیا۔
جس جگہ سے رینا کو بازیاب کیا گیا وہاں کے متعلقہ تھانے کے عملے کی جانب سے رینا کی مدد نہ کرنے پر ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے ایس ایچ او تھانہ کڑیو گھنور اور ہیڈ محرر تھانہ کڑیو گھنور کو معطل کر کے نیا عملہ تعینات کردیا ہے۔
رینا میگھواڑ نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ اپنے والدین کے پاس جانا چاہتی ہے جس کے بعد عدالت کے حکم پر رینا میگھواڑ کو ان کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔
رینا کماری کے گھر کڑیو گھنور میں پولیس پکٹ قائم کردی گئی ہے اور ایس ایس پی بدین کی ہدایت پر پولیس نے رینا کماری کو ایک موبائل فون دیا ہے جس سے وہ کسی بھی وقت پولیس مدد کے لیے ایس ایس پی بدین، ڈی ایس پی ، ایس ایچ او تھانہ کڑیو گھنور اور وومن پروٹیکشن سیل میں ڈائیریکٹ کال کرسکتی ہے۔
ایس ایس پی بدین شبیر سیٹھار نے رینا میگھواڑ اور اس کے والدین سے ملاقات کے دوران کہا کہ رینا اور اس کی فیملی کو سکیورٹی مہیا کی جارہی ہے اور رینا میگھواڑ کو حراساں کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
دوسری جانب تھانہ کڑیو گھنور کے نئے ایس ایچ او سب انسپکٹر فضل الدین کھٹی نے عدالت کے حکم پر ملزمان  کے خلاف اغوا، زنا، تشدد اور قتل کی دھمکیوں کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے چار ملزمان ملزمان قاسم خاصخیلی، رفیق خاصخیلی ، جمن خاصخیلی اور عظیم خاصخیلی کو گرفتار کرلیا ہے۔
اس سے قبل بھی پولیس نے رینا کو بازیاب کروایا تھا لیکن عدالت کے روبرو مبینہ طور پر دباؤ میں دیے گئے بیان میں رینا نے واپس اپنے مبینہ شوہر کے ساتھ جانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
تاہم بعد میں رینا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک مکان کی دیوار پر کھڑی ہو کر لوگوں سے چیخ کر وہاں سے نکالنے کی درخواست کر رہی تھی جس کے بعد پولیس نے اسے بازیاب کروایا تھا۔

شیئر: