سعودی سفیر اور ملائشین وزارت خارجہ کے حکام بھی موجود تھے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب کے دو طیارے طبی امدادی سامان لے کر ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے-
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے دوائیں اور مشینیں بھجوائی گئی ہیں-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد محمد بن سلمان کی سفارش پر ملائیشیا کو وبائی حالات سے نمٹنے کے لیے ہر طرح کی ضروری امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کررکھی ہے-
ملائیشیا کے وزیر خارجہ ہشام الدین حسین نے شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے وبائی بحران سے نمٹنے میں مدد کی خواہش ظاہر کی تھی-
ملائیشیا میں متعین سعودی سفیر محمود حسین قطان اور ملائیشیا سیکریٹری خارجہ برائے مغربی ایشیا محمد عبدالرشید سعودی طیاروں کے کوالالمپور پہنچنے پر ایئرپورٹ پر موجود تھے-
سعودی طبی امدادی سامان میں مصنوعی تنفس کی 150 موبائل مشینیں، 319 سپیشل آکسیجن سلنڈر، 30 تنفس کے آلات اور مصنوعی تنفس کی سو دیگر موبائل مشینیں، ڈیڑھ سو الیکٹرانک میڈیکل بیڈ اور کورونا ٹیسٹ کی مشینیں شامل ہیں-
علاوہ ازیں 30 لاکھ طبی ماسک، 10 لاکھ ایم این 95 قسم کے ماسک، 5 لاکھ میڈیکل دستانے، خون میں اکسیجن لیول چیک کرنے والی 180 مشینیں، دس ہزار طبی لباس، دل کی حرکت ریکارڈ کرنے والے آلات وغیرہ بھی سعودی طیاروں کے ذریعے ملائیشیا پہنچائے گئے ہیں-
سعودی عرب، ملائیشیا کے وزیر خارجہ کے دفتر سے یکجہتی پیدا کرکے کورونا ویکسین کی دس لاکھ خوراکوں کا انتظام ایک انٹرنیشنل کمپنی کے ذریعے کرے گا-
یہ فیصلہ ویکسین کی خوراکیں ریکارڈ وقت میں ملائیشیا پہنچانے کی خاطر کیا گیا ہے- انٹرنیشنل کمپنی ویکسین کی خوراکیں براہ راست ملائیشیا کو فراہم کرے گی-