حملے کی اطلاع بے بنیاد، جلال آباد قونصل خانے کا عملہ محفوظ ہے: پاکستانی سفیر
جمعہ 30 جولائی 2021 22:46
پاکستانی سفیر نے بتایا کہ ’ہمارے اہلکار محفوظ ہیں۔ میں نے جلال آباد میں اپنے قونصل جنرل سے اس کی تصدیق کی ہے‘ (فائل فوٹو: دفتر خارجہ)
افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا ہے کہ ’جلال آباد میں ان کے ملک کے قونصل خانے کا تمام عملہ محفوظ ہے اور ان میں سے کسی کو بھی کسی دہشت گرد گروہ نے نشانہ نہیں بنایا۔‘
منصور احمد خان نے جمعے کے روز عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب امریکہ میں قائم سائٹ انٹیلی جنس گروپ، جو شدت پسند تنظیموں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھتا ہے، نے دعویٰ کیا کہ داعش نے مشرقی افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کے ایک ملازم کو قتل کیا ہے۔‘
پاکستانی سفیر نے افغانستان کے دارالحکومت کابل سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہمارے اہلکار محفوظ ہیں۔ میں نے جلال آباد میں اپنے قونصل جنرل سے اس کی تصدیق کی ہے۔‘
یاد رہے کہ نومبر 2017 میں ایک پاکستانی سفارت کار نیئر اقبال رانا کو مشرقی افغانستان کے شہر میں ان کی رہائش گاہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے مزید کہا کہ ’ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ خبر کیا ہے، لیکن ہمارے قونصل جنرل نے ہمارے تمام اہلکاروں سے بات کی اور بتایا کہ وہ محفوظ ہیں۔‘
جلال آباد میں پاکستانی سفارتی مشن کے ساتھ کام کرنے والے ایک عہدیدار نے بھی اسے جعلی خبر قرار دیا ہے۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’یہ خبر جھوٹی ہے اور جلال آباد میں ہمارا عملہ خیریت سے ہے۔‘