’ایران، خلیجی ممالک کے اندرونی امور میں مداخلت بند کرے‘
امن کے لیے تمام کوششوں کی حمایت اشد ضروری ہے (فوٹو: الریاض)
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف نے کہا ہے کہ خطے کے امن و استحکام کی خاطر امریکہ اور جی سی سی ممالک کے درمیان سٹریٹیجک شراکت بے حد اہم ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الحجرف نے یہ بات ریاض میں امریکہ کے مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ کے اس وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ پول سلیم کررہے تھے۔
ڈاکٹر الحجرف نے ملاقات کے دوران خلیجی تعاون کونسل کے 40 سالہ سفر اور خطے کے امن و استحکام میں اس کے مثبت اور اہم کردار کا جائزہ پیش کیا۔
الحجرف نے جی سی سی کے پانچویں عشرے کی ترجیحات اور اہداف سے بھی آگاہ کیا۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے زور دے کر کہا کہ خطے کے امن و استحکام اور تنازعات ختم کرانے کے لیے جاری تمام کوششوں کی حمایت اشد ضروری ہے۔
انہوں نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے کے استحکام کو متزلزل کرنے والی سرگرمیوں سے باز رہے۔ خلیجی ممالک کے اندرونی امور میں مداخلت اور یمن، عراق اور شام میں دہشت گرد تنظیموں کی مدد بند کرے۔
انہو نے یہ بھی کہا کہ ویانا مذاکرات میں ایران کے ایٹمی پروگرام کے علاوہ اس کے بیلسٹک میزائل اور منفی سرگرمیوں کو بھی موضوع بحث بنایا جائے۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر نایف الحجرف نے امریکی ایلچی برائے یمن سے بھی ملاقات کی ہے اور یمن کی صورتحال اور علاقائی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں