Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اقوام عالم کے خوشحال مستقبل میں ثقافت کا کردار اہم ہوگا‘ 

وزیر ثقافت نے جی 20 کے وزرائے  ثقافت کے اجلاس سے خطاب کیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب پائدار ترقی میں ثقافت کے کردار پر عالمی مکالمے کے فروغ کا پابند ہے۔ 
سعودی وزیر ثقافت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ زیادہ پائدار دنیا اور اقوام عالم کے لیے زیادہ خوشحال مستقبل میں ثقافت کا کردار اہم ہوگا۔ 
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر ثقافت نے روم میں جی 20 کے وزرائے  ثقافت کے اجلاس سے ڈپٹی چیئرمین کی حیثیت سے خطاب کیا ہے۔
شہزادہ بدر بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب کورونا وبا سے نمٹنے اور ثقافتی شعبوں کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی مکالمے کو فروغ دینے کا پابند ہے۔
یاد رہے کہ اٹلی اس سال جی  20 کی قیادت کررہا ہے۔ وزرائے ثقافت کا اجلاس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ 
اٹلی نے جی 20 کے سربراہ کی حیثیت سے 2021 کے لیے ثقافت کے حوالے سے 5 ترجیحات متعین کی ہیں۔
پائدار ترقی کے لیے ثقافت اور منفرد کام، ثقافتی ورثے کا تحفظ، ثقافت کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کی اصلاح، تعلیم و تربیت کے ذریعے استعداد سازی اور ثقافتی نقطہ نظر سے ڈیجیٹل تبدیلی۔
سعودی وزیر ثقافت نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ جی 20 کے پلیٹ فارم سے تمام رکن ممالک ثقافتی مباحثہ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
سعودی وزیر ثقافت نے ثقافت کے فروغ اور اس کے ورثے کے تحفظ کے لیے مملکت کی کوششوں کو اجاگر کیا-  

روم میں یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کی ہے( فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ سعودی عرب جی 20 کے سہ جہتی گروپ کا ممبر ہے جس میں اٹلی بحیثیت موجودہ صدر، انڈونیشیا آنے والے سال کے قائد اور سعودی عرب  2020 کے قائد کی حیثیت سے شریک ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے جمعے کو روم میں یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر ثقافت نے ثقافت اور آثار قدیمہ کے تحفظ کے سلسلے میں سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ثقافت اور ورثے کے تحفظ کے سلسلے میں یونیسکو کے ساتھ مضبوط شراکت چاہتا ہے۔ 
 سعودی وزیر ثقافت نے فرانس کی وزیر ثقافت سے بھی ملاقات کی۔ ثقافت کے شعبے میں مملکت اور فرانس کے درمیان مشترکہ تعاون کی نئی جہتوں پر تبادلہ خیال  کیا۔
شہزادہ بدر نے جی 20 کی قیادت کے دوران سعودی عرب کے ساتھ فرانس کے تعاون پر  فرانس کی وزیرثقافت کا شکریہ ادا کیا۔
 دونوں ملاقاتوں میں نائب وزیر ثقافت حامد فایز اور وزارت ثقافت میں بین الاقوامی تعلقات اور ثقافتی امور کے نگران اعلی راکان الطوق بھی موجود تھے۔
 

شیئر: