’شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بلا استثنی سماجی تحفظ حاصل‘
ہفتہ 31 جولائی 2021 21:55
وزارت افرادی قوت انسانی سمگلنگ کا انسداد کررہی ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے کہا ہے کہ’ وزارت افرادی قوت فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کا انسداد کررہی ہے‘۔
’سعودی عرب میں مقامی شہری اور مقیم غیرملکی پر وقار زندگی گزار رہے ہیں اور سب کو بلا استثنی سماجی تحفظ حاصل ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الراجحی نے کہا کہ ’سعودی عرب اپنے یہاں تمام طبقوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے 2007 میں انسانی سمگلنگ کے انسداد خصوصا خواتین اور بچوں کی سمگلنگ کو روکنے والے پروٹوکول پر دستخط کرچکا ہے‘۔
انہو ں نے بتایا کہ’ 2009 میں انسانی سمگلنگ کے انسداد کا قومی قانون جاری کردیا گیا تھا اس کے بموجب انسانی سمگلنگ کے جرائم کرنے والوں کو سزا دی جاتی ہے اور متاثرین کی مدد کی جاتی ہے‘۔
الراجحی نے کہا کہ’ سعودی عرب جبری مزدوری سے متعلق پروٹوکول میں شامل ہے۔ سعودی عرب پہلا خلیجی ملک ہے جس نے پروٹوکول میں شمولیت اختیار کی ہے‘۔