Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی علاقوں میں اتوار سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

بارش کے ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے(فوٹو عرب نیوز) 
سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مملکت میں اتوار سے چند روز تک بارش کا نیا سلسلہ جاری رہے گا۔ بعض مقامات پرگرد آلود ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ 
ویب نیوز سبق کے مطابق ’عسیر، ابھا، خمیس مشیط، محائل، المجاردہ، رجال المع، بارق، تنومہ، النماص، بلقرن، ظھران الجنوب، الحرجہ، سراۃ عبیدہ، بیشہ اور الربک میں کہیں ہلکی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کی توقع ہے‘۔
 بارش کے باعث بعض نشیبی مقامات کے زیر آب آنے اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا امکان ہے۔ 
جازان، ا لباحہ اور مکہ مکرمہ ریجن کے بعض علاقے بھی بارش کی زد میں رہیں گے جبکہ نجران ریجن میں کہیں ہلکی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کے ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ 
محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی کہ ’منگل سے جمعرات تک مدینہ منورہ ریجن کے بعض علاقے جن میں وادی الفرع ، المھد ، العیص اور العلا شامل ہیں کے علاوہ تبوک اور حائل ریجن میں بھی بارش کا امکان ہے‘۔ 
’آئندہ ہفتے مکہ ریجن کے ساحلی علاقے جن میں جدہ ، رابغ اور ینبع شامل ہیں بھی بارش کا قوی امکان ہے جبکہ بعض مقامات پرتیز ہوائیں بھی چلیں گی‘۔ 
 ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق  اتوار کو دمام اور العلا میں درجہ حرارت سب سے زیادہ ہوگا جہاں پارہ 46 ڈگری جبکہ سب سے کم السودہ کے علاقے میں رہے گا جہاں درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔

شیئر: