کورونا کے نئے کیسز کم ہونے لگے، صحت یاب ہونے والے زیادہ
کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 119 ہو گئی ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں اتوار یکم اگست کو کورونا کے ایک ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 11 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
اتوار کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 84 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 285 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 12 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8 ہزار 249 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 119 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 403 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 236 ہے جبکہ مکہ ریجن میں 207 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
الشرقیہ ریجن میں 154، القصیم ریجن میں 107،عسیر ریجن میں 94، مدینہ ریجن میں 69، جازان ریجن میں 64، حائل ریجن میں 58، نجران ریجن میں 40،الباحہ ریجن میں 23 ،تبوک ریجن میں 19، الحدود الشمالیہ میں17 اور الجوف ریجن میں 3 مریض سامنے آ ئے ہیں۔
اب تک پانچ لاکھ 26 ہزار 814 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے پانچ لاکھ 7 ہزار 374 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘