Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ: اسرائیلی حملے میں فلسطینی ٹی وی چینل کے پانچ صحافی ہلاک

اسرائیلی میزائل نے براڈکاسٹ گاڑی جس پر PRESS  لکھا تھا اسے نشانہ بنایا۔ فوٹو روئٹرز
غزہ میں اسرائیلی حملے میں فلسطینی ٹی وی چینل ’القدس ٹوڈے‘  کے پانچ صحافی مارے گئے، یہ تمام افراد جمعرات کو ایک پریس وین میں موجود تھے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج  کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے ایک ’دہشت گرد سیل‘ کو نشانہ بنایا ہے۔
القدس ٹوڈے کے بیان کے مطابق ایک میزائل نے ان صحافیوں کی براڈکاسٹ وین کو نشانہ بنایا جب یہ وین وسطی غزہ کے النصیرات پناہ گزین کیمپ میں موجود تھی۔
ٹی وی چینل نے عملے کے پانچ افراد کی شناخت فیصل ابو القمصان، ایمن الجادی، ابراہیم الشیخ خلیل، فادی حسونہ اور محمد اللدی کے طور پر کی ہے اور کہا ہے یہ افراد صحافتی اور انسانی خدمت کرتے ہوئے ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ’نصیرات کے علاقے میں میں موجود عین اسی وین پر حملہ کیا گیا ہے جس میں جہادی سیل موجود تھا۔‘
فوجی بیان میں مزید کہا گیا ہے’ حملے سے پہلے عام شہریوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ کم کرنے کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے گئے۔
القدس ٹوڈے جہادی تنظیم سے وابستہ ہے جس کے ارکان غزہ کی پٹی میں حماس کے ساتھ مل کر اسرائیل سے آزادی کی جنگ میں شامل ہیں اور 7 اکتوبر 2023ء کو اسرائیلی علاقے میں ہونے والے حملے میں شریک تھے،جس کے بعد غزہ جنگ کا آغاز ہوا۔

صحافیوں کی وین غزہ کے النصیرات پناہ گزین کیمپ میں موجود تھی۔ فوٹو روئٹرز

نصیرات میں موجود عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کو ایک اسرائیلی طیارے سے داغے گئے میزائل نے براڈکاسٹ گاڑی جس پر PRESS  لکھا تھا اسے نشانہ بنایا ، یہ گاڑی العودة ہسپتال کے باہر کھڑی تھی۔
میزائل حملے کے فوری بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور اندر موجود افراد آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔
صحافیوں کے تحفظ کے لیے قائم کمیٹی کی مشرق وسطیٰ کی شاخ نے کہاہے ’اسرائیلی حملے میں براڈکاسٹنگ گاڑی کے اندر صحافی و میڈیا کے پانچ کارکنوں کی ہلاکت پر افسوس  ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ’صحافی سویلینز کے زمرے میں آتے ہیں اور ہمیشہ انہیں تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔

میزائل حملے سے گاڑی میں آگ لگی اور اندر موجود افراد آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ فوٹو روئٹرز

فلسطینی صحافیوں کی تنظیم نے گزشتہ ہفتے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا ’غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک 190 سے زیادہ صحافی ہلاک اور کم از کم 400 زخمی ہو چکے ہیں۔‘
غزہ جنگ کا آغاز حماس کی قیادت میں 7 اکتوبر 2023ء کے حملے کے بعد ہوا جس میں اسرائیلی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 1208 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر شہری تھے۔
حماس کے زیر انتظام علاقے کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور فضائی حملوں میں کم از کم 45361 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں اکثریت شہریوں کی ہے۔

شیئر: