‘بچوں کے لیے مقرر ویکسین کا کورس مکمل نہ کرانے پر کارروائی ہوگی‘
موروثی امراض سے بچانے والی ویکسینیں دلانا بچوں کا حق ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’بچوں کے لیے مقرر ویکسین کا کورس مکمل نہ کرانے پر گرفت ہوگی اس سے بچے بیماری میں مبتلا ہوسکتے ہیں ۔لاپروائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں کہا کہ ’تحفظ اطفال قانون کی دفعہ 3 کی شق 3 کے تحت بچوں کے لیے مقررہ ویکسینوں کے سلسلے میں کوتاہی ان کے ساتھ لاپروائی شمار ہوگی‘۔
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ’ تحفظ اطفال قانون کی دفعہ ایک میں کہا گیا ہے کہ موروثی امراض سے بچانے والی ویکسینیں دلانا بچوں کا حق ہے۔ قانون کے مطابق اٹھارہ برس سے کم عمر والے بچے شمار ہوں گے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے بچوں کے ساتھ ’لاپروائی‘ کا تصور واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’بچوں کی بنیادی ضرورت فراہم نہ کرنا یا اس حوالے سے کوتاہی برتنا لاپروائی کے دائرے میں آتا ہے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ ’تحفظ اطفال قانون کی دفعہ ایک کے بموجب بچوں کی جسمانی، جذباتی، نفسیاتی، تربیتی، تعلیمی، فکری، سماجی، ثقافتی، سلامتی اور صحت ضروریات بنیادی ضرورتوں میں شامل ہیں‘۔
تحفظ اطفال قانون کے لائحہ عمل کی دفعہ 13 کی پہلی شق میں بتایا گیا ہے کہ’ بچوں کی بنیادی ضرورت میں ہر وہ چیز آتی ہے جو بچوں کی صحت نگہداشت کے لیے ضروری ہو۔ اس میں امراض اور وباؤں سے بچانے والی ویکسینیں اور مناسب علاج کی فراہمی شامل ہے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے والدین سےکہا کہ’ وہ بچوں کو مقررہ ویکسینیں مقررہ نظام الاوقات کے مطابق دلانے کی پابندی کریں‘۔