’طلبہ کو ترجیحی بنیاد پر ویکسین کی تاریخ دی جارہی ہے‘
اب تک تین کروڑ 41 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے بارہ سے 18 برس کے طلبہ و طالبات سے پھر کہا ہے کہ وہ نیا تعلیمی سال شروع ہونے سے قبل کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں جلد از جلد حاصل کرلیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ’توکلنا ایپ کے ذریعے طلبہ کو ترجیحی بنیاد پر ویکسین کی تاریخ دی جا رہی ہے۔ طلبہ کو ایسی صورت میں بھی ویکسین کی تاریخ فراہم کی جارہی ہے جبکہ عام لوگوں کے لیے تاریخیں مہیا نہیں ہیں۔‘
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کوشش یہ ہے کہ طلبہ کو ان کی رہائش کے قریب واقع ویکسین سینٹرز میں یہ سہولت فراہم کی جائے۔‘
وزارت صحت نے بیان میں مزید کہا کہ ’ان دنوں بارہ سے 18 برس کے طلبہ میں کورونا ویکسین لینے کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ ویکسین سینٹرز میں طلبہ کی بھیڑ لگی ہوئی ہے۔‘
’بیشتر نے پہلی خوراک حاصل کر لی ہے جبکہ نیا تعلیمی سال شروع ہونے سے قبل اچھی خاصی تعداد دوسری خوراک بھی حاصل کرچکی ہے۔‘
دریں اثنا وزارت صحت نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ ’نئے اعداد و شمار کے مطابق تین کروڑ 41 لاکھ 3429 کورونا ویکسین کی خوراکیں مملکت بھر میں دی گئی ہیں۔‘
ان میں سے 2 کروڑ 20 لاکھ افراد نے پہلی خوراک اور ایک کروڑ دس لاکھ افراد کو دوسری خوراک کی دی گئی ہے جبکہ 1.52 ملین معمر افراد ویکسین لے چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین لاکھ 79 ہزار 300 مزید خوراکیں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو دی گئی ہیں۔