Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

10 ستمبر کے بعد مکمل ویکسینیشن نہ کرانے والوں پر بیرون ملک سفر کی پابندی

این سی او سی کے مطابق ’10 ستمبر کے بعد ویکسینیشن کا جزوی سرٹیفیکیٹ کارآمد نہیں ہو گا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے معاملات دیکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ ’10 ستمبر کے بعد ہوائی سفر کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دی جائے گی۔‘
بدھ کو این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’ویکسین کی تمام اقسام میں پہلی اور دوسری خوراک کا درمیانی وقفہ 42 دن سے کم کر کے 28 دن کر دیا گیا ہے۔‘
’یہ فیصلہ وزارت صحت اور طبی ماہرین کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔‘
این سی او سی کے مطابق ’10 ستمبر کے بعد ہوائی سفر کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی ہوگی اور 10 ستمبر کے بعد ویکسینیشن کا جزوی سرٹیفیکیٹ کارآمد نہیں ہو گا۔‘
ویکسینیشن کے عمل کی جلد تکمیل، وبا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے اثرات کم کرنے کے لیے انتہائی مفید قرار دی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ’اب تک پاکستان میں تین کروڑ 97 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگ چکی ہے۔ اس میں سے ایک کروڑ 12 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں، جبکہ تین کروڑ 17 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی گئی ہے۔‘
اس سے قبل پیر کو این سی او سی نے کہا تھا کہ ’یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر اندرون ملک ہوائی سفر کرنے پر پابندی ہوگی۔‘
ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے خطرے کے پیش نظر این سی او سی نے جمعے کو پاکستان کے تمام سیاحتی مقامات پر جانے والے 30 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے سفر اور ہوٹل بکنگ پر عائد پابندی کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کیے۔
این سی او سی کی ہدایات کے مطابق یکم اگست سے اس پابندی کا اطلاق 18 سے 30 سال تک کے افراد پہ بھی ہوگا۔ اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

شیئر: