ان کھجوروں کو سعودی اور بین الاقوامی خریداروں کو پہنچانے سے پہلے جدہ، ریاض اور مدینہ کی خصوصی فیکٹریوں اور دیگر جگہوں پر چھانٹنے اور پیکنگ کے لیے لے جایا جاتا ہے۔
قصیم سے کھجور کی روزانہ فروخت کا تخمینہ 1.5 ملین ریال سے زیادہ ہے۔
اس کے نتیجے میں بریدہ شہر کھجوروں کے تاجروں، مارکیٹرز، سرمایہ کاروں اور صارفین کے لیے ایک اہم مقام بن گیا ہے جس سے معاشی سرگرمیوں کی ایک خاص مقدار پیدا ہوتی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق القصیم کا علاقہ نخلستانوں کے لیے مشہور ہے۔ یہاں کھجوروں کے کاشتکار 38 سے زیادہ اقسام کی کھجوریں اگاتے ہیں۔
قصیم ریجن کے گورنر معیاری کھجوروں کی پیداوار اور کھجوروں کی بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنا حصہ زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لیے اعلی درجے کی کھجوریں تیار کرنے والے کاشتکاروں کو انعامات بھی دیتے ہیں۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کھجوروں کے باغات کو مختلف قسم کی بیماریوں سے بچانے اور کھجوروں کا معیار بلند کرنے کے لیے ضروری مشورے اور سہولتیں فراہم کررہی ہے۔
قصیم کی کھجوریں سعودی عرب سمیت خلیج کے تمام ملکوں میں اعلی درجے کی مانی جاتی ہیں۔ کھجوروں کی پیداوار میں سعودی عرب پوری دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ مملکت میں کھجوروں کی کل پیداوار کا 25 فیصد تیار ہوتا ہے۔
سعودی عرب سالانہ 1.07 ملین ٹن کھجوریں تیار کر رہا ہے۔ ایک لاکھ 72 ہزار ہیکٹر کے رقبے میں نخلستان پائے جاتے ہیں۔ ایک ہیکٹر سے 6.2 ٹن کھجور کی پیداوار ہے۔
قصیم کے مختلف علاقوں میں کھجوروں کے بازار لگتے ہیں۔ قصیم کے دارالحکومت بریدہ کا کھجور میلہ سب سے بڑا مانا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بریدہ کھجور میلہ اتوار یکم اگست 2021 کو شروع ہے جو 35 دن جاری رہے گا۔ القصیم میونسپلٹی اس کے انتظامات کرے گی۔
بریدہ کھجور میلے میں چار ہزار سے زیادہ سعودی نوجوان شرکت کریں گے۔ اس موقع پر معاشرے کے مختلف طبقوں کے ذوق اور پسند کے رنگا رنگ پروگرام بھی ہوں گے۔
میلے کی تمام سرگرمیاں کورونا وائرس سے بچاؤ کے سخت انتظامات کے تحت کی جا رہی ہیں۔