کئی علاقوں میں شدید گرمی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان
مکہ ریجن کے ساحلی مقامات پر بھی تیز گرد آلود ہوائیں چلیں گی(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ پیر کو سعودی عرب کے مشرقی علاقوں، وسطی اور مشرقی نیز جنوبی مقامات پر شدید گرمی، گرد آلود ہوائیں چلنے اور نجران تک خراب موسم رہنے کا امکان ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے ساحلی مقامات پر بھی تیز گرد آلود ہوائیں چلیں گی جبکہ مملکت کے بیشتر علاقوں کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
جازان، عسیر اور باحہ کے بالائی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ بارش کا سلسلہ مکہ مکرمہ کے بالائی مقامات تک پھیل سکتا ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ پیر کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ الاحسا اور دمام میں ہوگا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ السودہ میں متوقع ہے۔