Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وبا کے خطرناک دور سے آگے بڑھ چکے: وزارت صحت

کورونا وائرس کی تمام نئی شکلوں پر نظر رکھی جارہی ہے(فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کی نئی شکل ڈیلٹا ان دنوں پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔ یہ وائرس بہت تیزی سے  پھیلتا ہے اور اس کا تشویشناک پہلو یہی ہے‘۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ’ ڈیلٹا ویرینٹ سعودی عرب میں موجود ہے اور جینیاتی ریکارڈ کے تحت کورونا وائرس کی تمام نئی شکلوں پر نظر رکھی جارہی ہے‘۔
العبد العالی نے کہا کہ ’کورونا وبا کے خطرناک ترین دور سے ہم آگے بڑھ چکے ہیں۔ کوشش ہے کہ وائرس کی بدلتی ہوئی شکلوں کی نئی لہر سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے‘۔ 
وزارت صحت کے ترجمان نے تنبیہ کی کہ’ ڈیلٹا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی ایک خوراک ناکافی ہوگی، دونوں خوراکیں لینا ضروری ہیں‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ’ڈیلٹا ویرینٹ بیک وقت چھ سے سات افراد کو اپنی گرفت میں لے سکتا ہے۔ ڈیلٹا وائرس دنیا کے بیشتر ملکوں میں بہت زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں سو فیصد تک نئے کیسز اسی کے ہیں‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ’ وائرس سے متاثرین میں 60 فیصد کا تعلق صنف نازک سے ہے۔ معاشرے کے تمام افراد کے لیے یہی مشورہ ہے کہ 18 برس یا اس سے زیادہ عمر کے افراد ویکسین کی دونوں خوراکیں لے لیں‘۔

شیئر: