افغانستان میں جو ہو رہا ہے افسوسناک ہے، ہیما مالنی
ہیما مالنی نے بالی وڈ اداکار دھرمیندر سے شادی کی تھی (فوٹو: ٹوئٹر ہیما مالنی)
مقبول ترین انڈین اداکاراؤں میں شمار کی جانے والی ہیما مالنی کا کہنا ہے کہ ’افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے، یہ انتہائی افسوسناک ہے۔‘
مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں 72 سالہ انڈین اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’خوش اور ایک وقت میں پرامن افغان قوم کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے یہ افسوسناک ہے۔‘
ہیما مالنی نے اپنی ٹویٹ میں نام لے کر کسی کی حمایت و مخالفت نہیں کی تاہم ان کا یہ پیغام طالبان کی جانب سے کابل پر کنٹرول کے اعلانن کے دو روز بعد سامنے آیا ہے۔
ہیمامالنی نے اپنی فلموں کا ذکر کیا اور افغانستان سے متعلق اپنی یادیں تازہ کیں تو لکھا ’فلم دھرماتما میں جپسی لڑکی کا کردار نبھایا تھا، فلم میں میرا کردار وہیں فلمایا گیا تھا۔ میرے والدین بھی اس موقع پر ہمارے ساتھ تھے اور فیروز خان نے ہمارا عمدہ خیال رکھا تھا۔‘
1975 میں ہیما مالنی اور فیروز خان کی جوڑی پر بننے والی فلم ’دھرماتما‘ میں معروف اداکارہ ریکھا نے بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے تھے۔۔ اس فلم کے متعدد گانے اس وقت کے شائقین فلم کی گنگناہٹوں کا حصہ بنے تھے۔

یہ ہندی تھرلر فلم پہلی بالی وڈ مووی تھی جسے افغانستان میں فلمایا گیا تھا۔ کلیان جی آنندی جی کی موسیقی کے ساتھ بننے والی فلم کے پروڈیوسر بھی فیروز خان ہی تھے۔
1963 میں تامل فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی ہیما مالنی اداکارہ کے ساتھ ستھ مصنفہ، ڈائریکٹر، پروڈیوسر، رقاصہ اور سیاستدان بھی رہی لیکن ان کی اداکاری کا رنگ باقی سب پر غالب رہا۔
انڈین اداکارہ کی ٹویٹ پر تبصرہ کرنے والے صارفین نے جہاں ان کے فن اداکاری کو موضوع بنایا وہیں ہیما مالنی کے کیریئر سے اپنے پسندیدہ لمحے بھی چن چن کر دوسروں سے شیئر کرتے رہے۔
سدھا نامی ایک ٹویٹ نے ہیما مالنی پر فلمائے جانے والے ایک مشہور گانے کے بول ٹویٹ کیے تو اسے اپنا ’سب سے پسندیدہ گانا‘ قرار دیا۔

ندیم احمد نامی ٹویپ نے فلم میں ان کے تاثر کو موضوع بناتے ہوئے جہاں خوبصورتی کا اعتراف کیا وہیں یہ اقرار بھی کیا کہ کم فہمی کے باعث فلم میں ہیمامالنی کے مرنے کے سین کو حقیقی سمجھ بیٹھے اور اپنے خیال کی تصدیق کے لیے ان کا دوسرا شو دیکھا تو علم ہوا کہ وہ زندہ ہیں۔

دھرمیندر سے 1980 میں شادی کرنے والی ہیما مالنی کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور اہانا دیول ہیں۔ والدہ کی طرح ایشا دیول اور اہانا دیول نے بھی فلم نگری میں قسمت آزمائی کر رکھی ہے۔