عسکری صنعتوں کے شعبے میں 2030 تک روزگار کے ایک لاکھ مواقع
سعودائزیشن کے اہداف حاصل کرنے کے لیے کا م جاری رہے گا(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں عسکری مصنوعات کے ادارے کے گورنر احمد العوھلی نے کہا ہے کہ ’2030 تک عسکری صنعتوں کے شعبے میں روزگار کے ایک لاکھ مواقع فراہم کیے جائیں گے‘۔
عسکری مصنوعات کا ادارہ سعودی جامعات کے تعاون اور روزگار پروگرام کے ذریعے سعودی خواتین کو ملازمت کی سہولتیں فراہم کررہا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق گورنر احمد العوھلی نے کہا کہ ’عسکری مصنوعات کے شعبے میں سعودی خواتین کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔ سعودائزیشن کے اہداف حاصل کرنے کے لیے کا م جاری رہے گا‘۔
احمد العوھلی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’ عسکری صنعتوں کے شعبے میں سعودی خواتین کی کارکردگی قابل قدر ہے‘۔
انہو ں نے کہا کہ ’عسکری مصنوعات کے حوالے سے 39 کمپنیاں لائسنس لے چکی ہیں اور وہ خواتین کو عسکری صنعتی نظام کا حصہ بنا رہی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ کئی سعودی خواتین فیکٹریوں اور سینٹرز میں کام کرنے لگی ہیں۔ سعودی کمپنیاں ریموٹ کنٹرول سے کام کرنے والی نئی دفاعی مشینوں کی تیاری میں سعودی انجینیئر اور ٹیکنیشن خواتین سے مدد لے رہی ہیں‘۔