مقررہ تعداد سے زیادہ افراد پر مشتمل خاندانی اجتماعات پر پابندی برقرار
جمعرات 19 اگست 2021 10:39
’خاندانی اجتماعات میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ہر فرد پر 5 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت داخلہ نے ایک مرتبہ پھر انتباہ جاری کیا ہے کہ مقررہ تعداد سے زیادہ افراد پر مشتمل خاندانی اجتماعات پر ابھی تک پابندی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’گھروں کے اندر، گیسٹ ہاؤسز، فام ہاؤسز یا تقریب گاہوں کے علاوہ کسی بھی محدود جگہ پر بڑی تعداد میں لوگوں کا جمع ہونا منع ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’ہر ایسے افراد جن کا آپس میں رہائشی تعلق نہیں ہے خواہ وہ ایک خاندان کے افراد ہوں ان کے اجتماعات کے ضوابط مقرر ہیں‘۔
’خاندانی اجتماعات میں ایس او پیز اور وزارت داخلہ کے ضوابط کی خلاف ورزی پر شرکت کرنے والے ہر فرد پر 5 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘۔
’خلاف ورزی کی تکرار پر جرمانے کی حد ایک لاکھ ریال تک بڑھادی جائے گی نیز پبلک پرسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’ طے شدہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خاندانی اجتماعات کے لیے بلانے والے افراد پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہے۔ تکرار پر جرمانہ ایک لاکھ ریال تک بڑھایا جائے گا نیز پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا‘۔