شاہ سلمان کی ہدایت پر تیونس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد
سعودی عرب چاہتا ہے کہ تیونس امن و استحکام رہے(فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو ہدایت کی ہے کہ تیونس کو میڈیکل آکسیجن اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے درکار دیگر تمام لوازمات ہنگامی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے اس سے قبل تیونس کے صدر سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے اطمینان دلایا تھا کہ ’سعودی عرب چاہتا ہے کہ تیونس امن و استحکام رہے اور وہ درپیش صحت بحران سے نمٹ سکے‘۔
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے ایس پی اے کو بتایا کہ شاہی ہدایات پر تیونس کے لیے تین ہزار آکسیجن سلنڈر، پانچ آکسیجن جنریٹر تیونس کے پانچ ہسپتالوں کو بھیجے جارہے ہیں۔
علاوہ ازیں دو سو ٹن مائع آکسیجن کنٹینرز کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔ آکسیجن کی فراہمی کے لیے دیگر لوازمات بھی مہیا کیے جائیں گے۔
الربیعہ نے بتایا کہ شاہ سلمان مرکز نے ہنگامی امداد کی پہلی طبی کھیپ کی ترسیل شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت نے برادر ملک تیونس کے ہنگامی بنیاد پر امدادی سامان بھیجنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ سعودی عرب کی انسانیت نواز برادرانہ روایت کا اٹوٹ حصہ ہے۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان نے تیونس کے صدر قیس بن سعد کی جانب سے ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطے اور اس خواہش کے اظہار پر کہ ملک کو ہنگامی بنیادوں پر وبا سے نمٹنے کے لیے امداد کی ضرورت ہے۔ طبی سازوسامان بھجوایا تھا۔
اس وقت دس لاکھ کورونا ویکسین، ایک سو نوے تنفس کے آلات، آکسیجن کی 319 مشینیں، 150 میڈیکل بیلٹ اور پچاس کنٹرولر مشینیں، 40 لاکھ حفاظتی ماسک، پانچ لاکھ میڈیکل دستانے، 180 نبض چیک کرنے والی مشینیں، 25 دوائیں پمپ کرنے والے آلات اور اسی طرح کے دیگر لوازمات بھجوائے تھے۔